فوج نے 62,500 بلٹ پروف جیکٹس خریدنے کیلئے ٹینڈر جاری کیے
سرینگر / /میک ان انڈیا مہم کے تحت مختلف مقامات پر ملک کی حفاظت کیلئے تعینات فوجی اہلکاروں کو ’’مہلک سٹیل کور گولیوں ‘‘ سے بچانے کیلئے فوج نے 62ہزار 5سو بلٹ پروف جیکٹس کی خریداری کیلئے ٹینڈر جاری کیے۔ سی این آئی کے مطابق ملک میں ملی ٹنٹوں کی جانب سے سٹیل کور گولیوں کے استعمال کے خطرات سے نمٹنے کیلئے فوج نے فرنٹ لائن فوجیوں کیلئے 62500بلٹ پروف جیکٹس کی خریداری کو منظوری دی ہے اور اس کیلئے ٹینڈر جاری کیے ہیں ۔ وزارت دفاع نے میک ان انڈیا کے تحت ان جیکٹس کیلئے دو الگ الگ ٹینڈر جاری کیے ہیں جن میں ایک عام راستے کے تحت 47,627 جیکٹس اور دوسرا ہنگامی خریداری کے طریقہ کار کے تحت 15,000 جیکٹس شامل ہے جسے اگلے تین سے چار ماہ میں حتمی شکل دی جائے گی۔ دفاعی حکام کے مطابق 47,627 جیکٹس کی خریداری مرحلہ وار کی جائے گی اور توقع ہے کہ یہ اگلے 18سے 24مہینوں میں مکمل ہو جائے گی۔فوج کی طرف سے درج کردہ وضاحتیں یہ بتاتی ہیں کہ بلٹ پروف جیکٹس کو 7.62 ملی میٹر آرمر چھیدنے والی رائفل گولہ بارود کے ساتھ ساتھ 10 میٹر کے فاصلے سے فائر کی جانے والی اسٹیل کور گولیوں کے خلاف ایک فوجی کی حفاظت کرنے کے قابل ہونا چاہئے۔خیال رہے کہ وادی کشمیر میں ہونے والے چند واقعات میںملی ٹنوں نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ مقابلوں میں امریکی آرمر چھیدنے والی گولیوں کا استعمال کیا اور فوجیوں کی بلٹ پروف جیکٹس کو توڑنے میں کامیاب رہے۔ان دو ٹینڈرز کے ذریعے خریدی جانے والی جیکٹس لیول 4 کی ہوں گی جو سٹیل کور گولیوں کے خلاف موثر سمجھی جاتی ہیں اور سب سے پہلے جموں و کشمیر میں ملی ٹنٹ کارروائیوں میں تعینات فوجیوں کو فراہم کی جائیں گی۔فوج کے ذرائع نے تصدیق کی کہ فورس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جیکٹس ہندوستان میں بنائی گئی ہیں اور کسی بھی مخالف سے مواد حاصل نہیں کیا گیا ہے۔










