جموں//آیوش ڈائریکٹوریٹ نے آج گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال جموں میں 5 واں قومی نیچرو پیتھی ڈے منایا ۔ ہسپتال نے ’’ نیچرو پیتھی ایک انٹیگریٹیو میڈیسن ‘‘ تھیم کے طور پر ایک روزہ سیمنار منعقد کیا ۔سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ( ایچ اینڈ ایم ای ) بھوپندر کمار مہمان خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل کمشنر اسٹیٹ ٹیکس انکیتا کار اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں ۔ آیوش برادری سے اپنے خطاب میں سیکرٹری نے 5 ویں قومی نیچرو پیتھی ڈے پر پورے آیوش برادری کو مبارکباد دی اور ان پر زور دیا کہ وہ صحت کی دیکھ بھال کے آیوش نظام کے پُر جوش وکیل بنیں تا کہ یو ٹی بھر میں آیوش صحت خدمات کی ایک بڑے پیمانے پر تحریک شروع کی جا سکے ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان فلاح و بہبود کی مداخلتوں کو روائتی نگہداشت کے ساتھ مربوط کیا جانا چاہئیے کیونکہ ذیابیطس، کینسر ، میٹا بولک ڈس آرڈرز جو کہ عالمی چیلنجزکے طور پر ابھر رہے ہیں ۔ نیچرو پیتھی ایک طرز زندگی پر مبنی صحت اور تندرستی کا نقطہ نظر ہونے کے ناطے NCDs کے صحت عامہ کے خطرے کو لاگت سے موثر انداز میں روکنے میں ایک طویل سفر طے کر سکتی ہے ۔ سیکرٹری موصوف نے انکیتا کار اور ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر کی موجودگی میں گورنمنٹ آیورویدک ہسپتال کے زیر اہتمام نیچر کیور نمائش کا بھی افتتاح کیا ۔ انہوں نے نیچرو پیتھی کے مختلف طریقہ علاج جیسے ڈائیٹو تھراپی ، میگنیٹو تھراپی ، ہیلیو تھراپی ،مُڈ تھراپی ، ہائیڈرو تھراپی ، ایکیو پریشر ، ایکیو پنکچر ، آئی ای سی اور نیچرو پیتھی پر بی سی سی میٹریل کی نمائش کرنے والے اسٹالز کا دورہ کیا ۔ سیکرٹری موصوف نے ڈائریکٹوریٹ آف آیوش جے اینڈ کے کے آفیشل لوگو کی نقاب کشائی کی ، جو محکمہ کی نئی مشہور شناخت ہے ۔ انہوں نے آیوش صحت اور تندرستی کے مراکز میں قومی آیوش مشن کے اجزاء کو نافذ کرنے میں ان کی قابل ستائش کوششوں کیلئے جموں ڈویژن کے ہر ایک ضلع سے 10 بہترین آیوش صحت اور تندرستی مراکز کو بھی مبارکباد دی ۔ بعد میں سیکرٹری نے سرکاری آیورویدک ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مختلف وارڈوں کے کام کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے سرکاری آیورویدک ہسپتال کی صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے اور مریضوں کو خدمات کی فراہمی کی ستائش کی ۔ انکیتا کار نے اس نمائش کے انعقاد کیلئے آیوش ٹیم کی محنت کی تعریف کی ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آیوش کو صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ، اسٹارٹ اپس اور آیوش انٹر پرنیور شپ میں فلاح و بہبود کے مراکز کے قیام پر توجہ مرکوز کرنی چاہئیے ۔ ڈائریکٹر آیوش جموں و کشمیر ڈاکٹر موہن سنگھ نے سیکرٹری کو کمیونٹی میں مجموعی دیکھ بھال اور مکمل صحت کیلئے آیوش نظام صحت کے فروغ اور پرچار میں ڈائریکٹوریٹ کی مختلف کامیابیوں کے بارے میں بتایا ۔ اس پروگرام میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔










