سری نگر//پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا میں مزید3ماہ کی توسیع جموں وکشمیر کے لاکھوں غریب کنبوں کیلئے بھی ایک راحت بخش اقدام ہے ،کیونکہ یہاں PHH اورAAY زمروںمیں آنے والے کل تقریباً60لاکھ صارفین ہیں۔خیال رہے PMGKAY اسکیم کے تحت ملک میں غریب لوگوں کو ہر ماہ5 کلو گندم اور چاول مفت فراہم کیاجاتاہے،اپریل 2020سے الگ الگ چھ مراحل میں جاری رکھی گئی یہ 30ستمبر کو ختم ہورہی تھی،لیکن اب مرکزی حکومت نے اس میں مزید تین ماہ کی توسیع کردی ہے ،جسکی رئو سے مٖفت راشن اسکیم اب 31 دسمبر2022 تک چلے گی۔جے کے این ایس کے مطابق حکام کہتے ہیں کہ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی 60 لاکھ سے زیادہ غریب آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔ ڈائرکٹر محکمہ فوڈ، سول سپلائیز اورامورصارفین جموں، نسیم جاوید چودھری نے ایک اخبار کوبتایا کہ PMGKAY اسکیم 30 ستمبر کو ختم ہو رہی تھی،لیکن اب مرکزی حکومت نے اس میں غالباًساتویں مرتبہ تین ماہ کیلئے توسیع کی ہے ،جسکے نتیجے میں جموں و کشمیر میں تقریباً60 لاکھ غریب صارفین کورواں اکتوبر سے دسمبرتک کو مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے خطہ میں تقریباً35 لاکھ پرائیریٹی ہاؤس ہولڈ (PHH) اور AAY راشن کارڈ ہولڈرہیں جبکہ جموں خطے میں مذکورہ 2 زمروں کے تقریباً 25 لاکھ خاندانوں رجسٹر ہیں اوریوں کل60لاکھ غریب کنبے اس اسکیم سے مزید تین ماہ مستفید ہونگے ۔انہوںنے کہاکہ اسکیم کے تحت جموں خطے میں ہر ماہ فی خاندان 4 کلو گندم اور ایک کلو چاول فراہم کیا جائے گا۔ جبکہ کشمیر میں مفت راشن کی فراہمی کا پیمانہ وہاں کے لوگوں کے کھانے پینے کی عادات کے مطابق ہوگا۔ محکمہ فوڈ، سول سپلائیز اورامورصارفین کے ذرائع نے بتایا کہ جموں کشمیرمیںAAY زمرہ کے تحت کل9لاکھ21ہزار724غریب کنبے مستفید ہوں گے جبکہ PHH کے تحت ایسے خاندانوں کی کل تعداد تقریباً56لاکھ31ہزار186 ہے۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر میں حکومت کی طرف سے 65لاکھ سے زیادہ خاندانوں کو ہرماہ تقریباً32,76.55 ملین ٹن غذائی اناج بشمول گندم اور چاول فراہم کیاجائے گا ۔ ذرائع نے مزید کہا کہ AAY کے تحت خاندانوں کا کوٹہ 4608.62 میٹرک ٹن ہو گا۔ محکمہ فوڈ، سول سپلائیز اور امور صارفین کے ذرائع نے بتایاکہ جموں خطے میںAAY ( غریب ترین) زمرے کے تحت خاندانوں کی تعداد 2لاکھ82 ہزار 946 ہے جبکہ کشمیر میں ایسے صارفین یا کنبوںکی کل تعداد6لاکھ38ہزار778بتائی جاتی ہے۔ قابل ذکر ہے پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا (PMGKAY) اپریل2020 میں ان غریبوں کی مدد کے لئے شروع کی گئی تھی جن کا ذریعہ معاش ملک گیر لاک ڈاؤن سے بری طرح متاثر ہوا تھا ۔ اس اسکیم کے تحت، نیشنل فوڈ سیکورٹی ایکٹ (این ایف ایس اے) کے تحت آنے والے تمام مستفیدین کے لئے ماہانہ فی شخص5 کلو گرام خوراک مفت فراہم کی جاتی ہے۔










