یو ٹی کھیلوں کی سرگرمیوں میں تقریباً 35 لاکھ لوگوں کی شرکت کا ہدف ہے ۔ چیف سیکرٹری
سرینگر //چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے آج صبح یہاں رائل اسپرنگس گالف کورس سے 300 کلو میٹر طویل کشمیر سائیکل تھون کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ میراتھن وادی کشمیر کے پانچ اضلاع سے گزرے گی اور تقریباً 60 قومی شہرت یافتہ سائیکلسٹ میراتھن میں حصہ لے رہے ہیں جن میں کچھ پڑوسی ملک نیپال سے ہیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم آر کے گوئل ، سیکرٹری ٹورازم اینڈ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر فضل الحسیب ، سیکرٹری آر ایس جی سی مفتی فرید اور دیگر افسران موجود تھے ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے حصہ لینے والے سائیکل سواروں پر زور دیا کہ وہ امن کے سفیر بنیں اور عوام میں منشیات کے استعمال کے خطرات سے آگاہی پیدا کریں ۔ انہوں نے انہیں بتایا کہ کسی بھی کھیل میں حصہ لینا کھیل کی جیت یا ہار سے زیادہ اہم ہے ۔ انہوں نے ہر شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ کھیل کی حقیقی روح کے ساتھ کھیلوں میں حصہ لے کر چیمپین بنے۔ ڈاکٹر مہتا نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ اس سال جموں و کشمیر میں کھیلے جانے والے مختلف کھیلوں میں تقریباً 35 لاکھ نوجوانوں کی شرکت کا ہدف رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت اور بلاک کی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور امید ہے کہ جموں و کشمیر کا ہر فرد اس طرح کے کھیلوں میں حصہ لے گا ۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو مثبت انداز میں مشغول کرتے ہیں اور ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر ظاہر کرنے میں ان کی مدد کرتے ہیں ۔ انہوں نے ذکر کیا کہ یہ اسے کھیلنے والے کے دماغ اور روح کو تازگی بخشتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سائیکلتھون ان سائیکل سواروں کو وادی کے خوبصورت مقامات کو دیکھنے کا موقع فراہم کرے گی اور وہ اس 300 کلو میٹر طویل مہم کے دوران دلکش مقامات کو دیکھیں گے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ یہ تقریب تیسرے دن کے اختتام پر اختتام پذیر ہو گی اور آنے والے دنوں میں مزید بہت سے شرکاء اس ایونٹ کا حصہ بننے جا رہے ہیں ۔ شرکاء پہلی رات کیلئے احر بل اور دوسری رات کو کوکر ناگ میں نائٹ ہول کرنے جا رہے ہیں ۔ راستے میں وہ پامپور ، پلوامہ ، شوپیاں ، دوبجان ، کولگام ، وساک ناگ ، قاضی گنڈ ، ویری ناگ ، ڈکسم ، اچھہ بل ، اننت ناگ ، بیج بہاڑہ ، اونتی پورہ جیسے تاریخی اور سیاحتی مقامات سے گزرتے ہوئے تیسرے دن کے دوپہر کو( 3:30 ) واپس سرینگر پہنچیں گے ۔ اس پورے پروگرام میں سیاحت اور وائی ایس اینڈ ایس محکموں کی طرف سے شرکاء کو سہولت فراہم کی جائے گی ۔ اس میگا ایونٹ کے کامیاب اختتام کیلئے تمام بورڈنگ ، قیام ، ریفریشمنٹ اور کھانا سپانسر کرنے والے محکموں کی جانب سے فراہم کیا جا رہا ہے ۔










