شاہ فیصل نے دفعہ370کی منسوخی کو چیلنج کرنے والی عرضی سپریم کورٹ سے واپس
سری نگر//بیوروکریسی چھوڑ کر کچھ سال میدان سیاست میں متحرک رہنے والے آئی اے ایس آفیسرڈاکٹر شاہ فیصل نے سپریم کورٹ سے اپنی درخواست واپس لے لی ہے جس میں جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے صدارتی حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔جے کے این ایس کے مطابق شاہ فیصل ان 23 درخواست گزاروں میں شامل تھے جنہوں نے آرٹیکل370 کی منسوخی فعات کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔شاہ فیصل کا سپریم کورٹ میں دائر کردہ پٹیشن واپس لینے کا فیصلہ، اس سال اپریل میں اُنھیں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس میں واپس لئے جانے اور وزارت ثقافت میں ڈپٹی سیکرٹری مقرر کئے جانے کے چند ماہ بعد آیا ہے۔خیال رہے2010کے آئی اے ایس امتحان میں شاہ فیصل نے پورے ملک میں نمبروَن پوزیشن حاصل کی تھی ،اوربعدازاں وہ جموں وکشمیرکی انتظامیہ میں کئی اعلیٰ عہدوں پرفائض رہے تاہم شاہ فیصل نے2019 میں جموں و کشمیر میں اپنی سیاسی جماعت قائم کرنے کیلئے احتجاجاً ملازمت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم ان کا استعفیٰ حکومت نے کبھی قبول نہیں کیا تھا اور بعد میں انہوں نے اسے واپس لے لیا تھا۔










