جموں وکشمیر اَپنی پارٹی کے وفد کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات

سری نگر//جموںوکشمیر اَپنی پارٹی کے ایک وفد نے اس کے صدر الطاف بخاری کی قیادت میں بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔وفد کے اَرکان نے ریاستی کی بحالی ، نوجوانوں کی بھرتی عمل کو تیز کرنے سمیت مطالبات کی ایک یاد داشت پیش کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ کے فلو ر پر ایک تفصیلی بیان دیا ہے کہ مناسب وقت پر ریاست کو بحال کیا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے بھرتی عمل کے معاملے پر کہا کہ سب اِنسپکٹر ، جونیئر اِنجینئر اور فائنانس اکائونٹ اسسٹنٹ بھرتیوں کے اِمتحانات میں بے ضابطگیوں کی وجہ سے تینوں اِمتحانات کو اَنکوائری سی بی آئی کو سونپ دی گئی ہے اور اَکتوبر تک نئے اِمتحانات کئے جائیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’ مختلف سرکاری محکموں میں مختلف خالی اَسامیوںکو آنے والے دو مہینوں میں مشتہر کیا جائے گا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے وفد کے اَرکان کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ پیش کئے گئے دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے وَفد کے اَرکان پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عوامی خدمت کی اَپنی کوششیں جاری رکھیں۔اِس موقعہ پر جے کے اے پی کے سینئر نائب صدر شیخ غلام حسن میر، سینئر لیڈر دِلاور میر ، نائب صدور شیخ اعجاز احمد خان ، ظفر منہاس ، جنرل سیکرٹری شیخ رفیع احمد میر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ہلال احمد شاہ ،چیف کوآرڈی نیٹر شیخ عبدالمجید پدر ، صوبائی صدر محمد اشرف میر ، چیف ترجمان شیخ جاوید احمد بیگ ، یوتھ صدر جنید احمد متو ، خواتین کی صدر محترمہ دِلشادہ شاہین، ضلعی صدور عبدالرحیم راتھر، نور محمد ، شفاعت کاظمی ، جاوید احمد میر ، غلام محمد میر اور دیگر بھی موجود تھے۔