پی آر آئی کے نمائندے پورے جموںوکشمیر کے ترقی کی بنیاد ہیں۔ مشیر راجیورائے بھٹناگر
کرناہ ( کپواڑہ)//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیور رائے بھٹناگر نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے اَپنے دورے کے دوسرے دِن آج ڈی ڈی سی ممبر ، بی ڈی سی چیئرپرسن ، سرپنچوں ، پنچوں اور ذیلی علاقوں کے دیگر عوامی نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیااورسب ڈویژن کرناہ اور علاقے کی ترقی سے متعلق ان کے مسائل کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے پی آر آئی کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ جموںوکشمیر کے دُور دراز اور دُور اُفتادہ علاقوں پر بہت زیادہ توجہ دے رہی ہے اور بلاک دیوس پروگراموں ، پنچایت اور بلاک سطح پر عوامی شکایات کے اَزالے کے کیمپوں کے ذریعے عوام سے مسلسل بات چیت کی جارہی ہے ۔مشیر موصوف نے اَپنے اَپنے علاقوں میں پی آر آئی کے نمائندوں کی طرف سے کئے گئے کام کی سراہنا کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ پوری وابستگی اور لگن کے ساتھ کام کریں کیوں کہ وہ پورے جموںوکشمیر کی ترقی کی بنیاد ہیں۔دوران بات چیت پی آر آئی کے نمائندوں نے مشیر موصوف کو اَپنے علاقوں سے متعلق متعدد مسائل اور شکایات بھی گوش گزار کئے اور ان کے جلد ازالے کا مطالبہ کیا۔مشیر راجیور ائے بھٹناگر نے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ٹیٹوال میں مختلف عوامی وفود اور پی آر آئی کے نمائندوں نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی اور مشیر راجیو رائے بھٹناگر کے سامنے اَپنے علاقے سے متعلق کئی مسائل اُٹھائے۔اُنہوں نے اِس علاقے کے لئے جدید برف صاف کرنے والی مشینوں اور سڑکوں کی بروقت مرمت کا مطالبہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے عوامی وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ایل جی اِنتظامیہ دُور دراز علاقوں کے عام لوگوں کے دہلیز تک پہنچ کر ان کی ضروریات اورمسائل کا جائزہ لے رہی ہے ۔مشیر موصوف نے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اِس سے قبل مشیر موصوف نے سب ڈویژن کرناہ کے مختلف سیکٹورل اَفسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی اور مختلف محکموں کی کارکردگی اور کئی جاری کاموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر گلزار احمد راتھر ، مختلف محکموں کے سینئر اَفسران اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ پوری وابستگی اور لگن کے ساتھ کام کریں کیوں کہ وہ اِس علاقے کی ترقی میں اہم شراکت دار ہیں ۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ اِس علاقے کے لوگوں سے مسلسل رابطہ رکھیں کیوں اس کی پہنچ کم ہے۔مشیرموصوف نے سب ڈویژن میں جاری کئی کاموں کی رفتار اور پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئے اَفسران سے کہا کہ وہ ان کاموں کی بروقت تکمیل کے لئے باقاعدگی سے نگرانی کریں کیوں کہ اِس علاقے میں تعمیراتی کاموں کے لئے بہت کم وقت ہے۔اُنہوں نے اَفسران سے مزید کہا کہ وہ تمام بنیادی ضروریات جیسے غذائی اجناس ، تیل خاکی وغیرہ ایڈوانس سٹاک رکھیں کیوں کہ سردیوں کے دوران یہ علاقہ زیادہ وقت تک منقطع رہتا ہے۔










