اَفسران کو میڈیسنل پلانٹس کی کمرشلائزیشن کیلئے طویل حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت
سری نگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری زرعی پیداوار محکمہ اَتل ڈولو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر میں میڈیسنل پلانٹس کی نشو و نما او رکاشت کی حکمت عملی اور اور طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری اے پی ڈی شبنم کاملی ، ڈائریکٹر زراعت جموں/ کشمیر ، ڈائریکٹر آیوش جے اینڈ کے ، محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ جموںوکشمیر میں دستیاب میڈیسنل پلانٹس کے رول اور ان پودوں کو تجارتی نقطہ نظر سے کاشت کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔اَتل ڈولو نے میڈیسنل پلانٹ سیکٹر کے متعدد پہلوئوں پر غور وخوض کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ میڈیسنل پلانٹ کی کمرشلائزیشن کے لئے ایک طویل حکمت عملی وضع کریں کیوں کہ وہ دیہی معیشت کی ترقی میں اہم کردار اَدا کرسکتے ہیں۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ ایک تفصیلی پروجیکٹ تیار کریں اور اس میں ٹشو کلچر لیبارٹریوں کا قیام ،رقبہ کی توسیع ، مارکیٹنگ سپورٹ اور کسانوں کی ہنرمندی کی ترقی کے لئے فزیبلٹی جیسے حصوں کو شامل کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اِس عمل میں ہر شراکت دار کو فعال طور پر اَپنا کردار اَدا کرنے اور جموںوکشمیر یوٹی میں میڈیسنل پلانٹ سیکٹر کی ترقی کے لئے کوششوں میں حصہ اَدا کرنے کی ضرورت ہے جبکہ اَفسران کو یقین دِلایا کہ اِس مقصد کے لئے حکومت کی طرف سے تمام مطلوبہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے یہ بھی کہا کہ جموں وکشمیر میں میڈیسنل پلانٹ سیکٹر کی ترقی میں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کی بڑی گنجائش ہے کیوں کہ ملک میں ادویات اور خوشبودار پودوں اور ان کی تیاریوں کی ایک بہت بڑی اور مسلسل بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے۔اَتل ڈولو نے اَفسران کو مزید مشورہ دیا کہ وہ تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ تال میل اور ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ جموںوکشمیر میں اِس شعبے کو ایک صنعت کے طور پر فروغ دیا جاسکے۔اُنہوں نے متعلقہ اَفراد سے کہا کہ وہ مختلف چیلنجوں کی شناندہی کریں تاکہ میڈیسنل پلانٹس کو زیادہ منافع بخش اور سائنسی طریقے سے کاشت کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر آیوش جے اینڈ کے نے جموںوکشمیر میں میڈیسنل پلانٹس کے فروغ کے لئے ایک مختصر حکمت عملی پیپر پیش کیا۔ اُنہوں نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ گریز بانڈی پورہ ،بھدرواہ ، ڈوڈہ اور تاپیال سانبہ میں میڈیسنل پلانٹس کی تین نرسریاں تیار کی جارہی ہیں۔دورانِ میٹنگ نوڈل آفیسر جے اینڈ کے میڈیسنل پلانٹس بورڈ نے جموںوکشمیر میں میڈیسنل پلانٹس کو فروغ دینے کے لئے ایکشن پلان کے بارے میں مختصر تفصیلات فراہم کیں ۔ڈائریکٹر ایگری کلچر جموں اور ڈائریکٹر ایگری کلچر کشمیر نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو بتایا کہ زرعی پیداوار محکمہ پہلے ہی جموںوکشمیر میں اعلیٰ تجارتی میڈیسنل پلانٹس کی تشہیر کر رہا ہے۔










