SMCوارڈ افسر20ہزارلیتے ہوئے گرفتار ،مزید تفتیش شروع
سری نگر//انسداد کورپشن بیورئو کی ایک ٹیم نے تعمیرات کی اجازت دینے کے عوض 50ہزار روپے کی رشوت طلب کرنے والے سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ایک وارڈ افسر کو20ہزار روپے مانگتے اورلیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔جے کے این ایس کے مطابق انسددکورپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ سری نگر میونسپل کارپوریشن کا وارڈ آفیسر حول سری نگر شکایت کنندہ کے حق میں تعمیرات کی اجازت دینے کے عوض50ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔ شکایت کنندہ نے وارڈ آفیسر سے درخواست کی اور انصاف کی التجا کی، تاہم وہ رشوت کے اپنے مطالبے پر ڈٹا رہا۔ ملزم وارڈافسرنے شکایت کنندہ سے پہلی قسط کے طور پر 20ہزارروپے رشوت دینے کو کہا تھا۔ تاہم ملزم کو رشوت کی رقم ادا کرنے سے پہلے، شکایت کنندہ نے ملزم سرکاری ملازم کیخلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کرنے کیلئے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔شکایت کی وصولی پر انسدادکورپشن بیورو میں یک مقدمہ زیرنمبر ایف آئی آر33/2022تحت سیکشن 7پی سی ایکٹ1988 درج کیا گیا اور تفتیش شروع کر دی گئی۔تفتیش کے دوران ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم سرکاری ملازم محمد مقبول بٹ ولد علی محمد بٹ ساکنہ ایچ ایم ٹی سرینگر، ایس ایم سی وارڈ آفیسر حول سرینگر کو شکایت کنندہ سے 20ہزار روپے رشوت کی رقم مانگتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ انسداد کورپشن بیورئو کی ٹیم نے ملزم کوموقع پر ہی گرفتار کرلیا۔ آزاد گواہوں کی موجودگی میں اس کے قبضے سے رشوت کی رقم بھی برآمد کر لی گئی۔ اس کے بعد ملزمان سے منسلک مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔










