سری نگر//کشمیری پنڈت برادری نے جنم اشٹمی کاتہوارعقیدت واحترام کیساتھ منایا۔شہر وقصبہ جات کے مندروں میں خصوصی پوجاپاٹ ہوا جبکہ سری نگرکے تاریخی لالچوک میں پنڈتوں نے ایک ریلی نکالی ،جس میں شامل لوگ بشمول بچے اوربچیاں روایتی لباس پہنے ہوئے تھے ۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیری پنڈتوں نے جمعہ کو یہاں جنم اشٹمی کے موقع پر شوبا یاترا نکالی۔جلوس جس میں روایتی لباس میں ملبوس بچے بھی شامل تھے، شہرکے ٹنکی پورہ علاقے میں واقع کتھلیشور مندر سے شروع ہوا اور سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان حبہ کدل، گنپتھیار، بربر شاہ، ریگل چوک، لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ اور جہانگیر چوک سے گزرتے ہوئے گھنٹہ گھر پہنچے۔مذہبی نعرے لگاتے ہوئے پنڈتوں کی اچھی خاصی تعداد نے اسریلی میں شرکت کی۔ہندو ویلفیئر سوسائٹی آف کشمیر کے صدر چنی لال نے پوری انسانیت کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے درمیان روایتی بھائی چارہ صدیوں پرامن طریقے سے پروان چڑھنا چاہیے۔اس موقعہ پر شوبایاترامیں شامل مقامی کشمیری پنڈتوں اورہندوئوںنے کشمیریوںکی انسان دوستی ،مذہبی رواداری اورانسانی ہمدردی کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ کشمیرکے مختلف علاقوںمیں واقع مندروں کے اصل محافظ کشمیری مسلمان بھائی ہیں ۔ادھر وادی بھرمیں قائم مندروںمیں جنم اشٹمی کے موقعہ پرخصوصی پوجاپاٹ کی گئی ،شامل لوگوںنے کشمیرمیں امن وسلامتی اورلوگوںکی ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیں کیں ۔










