خانصاحب بڈگام میں20سالہ نوجوان کی مبینہ خودکشی
سری نگر//پہاڑی ضلع شوپیان کء پڈسو گائوں کے ایک لاپتہ ریٹائرڈٹیچر کی نعش جمعے کونزدیکی علاقے فیری پورہ میں نالہ ویشو سے برآمد کی گئی جبکہ وسطی ضلع بڈگام کے کھار پورہ خانصاحب علاقے میں ایک 20سالہ لڑکے نے مبینہ طورپرخودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرڈالا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق شوپیان ضلع کاایک ریٹائرڈ ٹیچر، جو جمعرات سے اپنے گھر سے لاپتہ تھا، جمعہ کو شوپیاں ضلع کے فیری پورہ علاقے میں مردہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پڈسو گاؤں کاریٹائرڈ اسکول ٹیچر66سالہ عبدالغنی راتھرجمعرات سے لاپتہ تھے۔انہوں نے کہا کہ جمعے کی صبح کچھ مقامی لوگوں نے فیری پورہ کے نالہ ویشو میں ایک نعش دیکھی جس کے بعد پولیس کی ایک پارٹی موقع پر پہنچی اور نعش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔پولیس ذرائع نے مقامی لوگوں کے حوالے سے بتایاکہ متوفی ریٹائرڈ اسکول ٹیچرکا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔انہوںنے کہاکہ طبی و قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی نعش کو ورثا کے حوالے کر دیا گیاجبکہ اس سلسلے میں کیس درج کرکے پولیس نے مزید تحقیقات تفتیش شروع کردی ہے۔اس دوران وسطی ضلع بڈگام کے کھارپورہ خانصاحب کارہنے والا وہ 20سالہ نوجوان جمعے کودم توڑ بیٹھا ،جس نے جمعرات کونامعلوم وجوہات کی بناء پرخودکشی کی کوشش کی تھی ۔ملی تفصیلات کے مطابق بڈگام ضلع کے کھرپورہ خان صاحب گاؤں میں ایک20 سالہ لڑکے محمد شفیع حجام ولد محمد رمضان نے جمعرات کو اپنے گھر میں مبینہ طور پر خودکشی کر نے کی کوشش کی ۔اس نوجوان کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (SDH) خان صاحب لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر ریفر کر دیا لیکن وہ یہاں جمعہ کی صبح زندگی کی جنگ ہار گیا۔بڈگام پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔










