لیفٹنٹ گورنر نے دیا متوفین کے باقیات کوکندھا

لیفٹنٹ گورنر نے دیا متوفین کے باقیات کوکندھا

قوم انکی ہمت، بہادری اور عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی: منوج سنہا

سری نگر//لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو آئی ٹی بی پی کے ان جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا، جومنگل کو چندن واڑی پہلگام کے قریب ایک سڑک حادثے میں اپنی جانیں گنوابیٹھے ۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سری نگر میں آئی ٹی بی پی کے مہلوک جوانوںکے اعزاز میں منعقدہ تعزیتی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ قوم ان کی ہمت، بہادری اور عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولے گی۔جے این ایس کے مطابق منوج سنہا نے پہلگام میں المناک حادثے میں اپنی جانیں گنوانے والے آئی ٹی بی پی جوانوں کی باقیات کو کندھا دیا۔ حکام نے بتایاکہ آئی ٹی بی پی کے سبھی مہلوک جوانوں کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی آخری رسومات کے لئے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دیا گیا۔پولیس لائنز میں تعزیتی تقریب کے دوران انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا، ڈی جی پی دلباغ سنگھ،جی ائوسی15ویں کورلیفٹیننٹ جنرل امردیپ سنگھ اوجلا، محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آر کے گوئل، پولیس، فوج، آئی ٹی بی پی اور دیگر سیکورٹی فورسز کے سینئر افسران بھی شامل ہیں ۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب کے بعد آئی ٹی بی پی کے جوانوں کی لاشوں کو اپنا کندھا دیا۔ جموں و کشمیر کے پہلگام کے قریب جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں سمیت39 سیکورٹی اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس سڑک سے پھسل کر ندی کے کنارے میں گرنے کے بعد منگل کی صبح7 انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے اہلکاروں کی موت ہو گئی اور 30زخمی ہو گئے۔