چیف سیکرٹری نے ’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘ کے موقعہ پر تقریب کی صدارت کی
سری نگر//ضلع اِنتظامیہ سری نگر نے جاری ’’ آزادی کا اَمرت مہااُتسو‘‘ کے ایک حصے کے طور پر ’’ ہر گھر ترنگا‘‘ مہم کے تحت تقریبات کو آزادی کا 75برس جشن منانے کے لئے آج بخشی سٹیڈیم میں 1,850 میٹر لمبا قومی پرچم آویزیں کر کے ایک قومی ریکارڈ قائم کیا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر میں پرچم کشائی کی پہلی سب سے بڑی تقریب کی صدارت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اَسد اور تمام ضلعی اور سیکٹورل اَفسران کے علاوہ 5000 شہریوں نے آزادی کے اَمرت مہااُتسو کے ایک حصے کے طور پر ’ ہر گھر ترنگا مہم ‘ کے تحت آزادی کے 75 برس مکمل ہونے پر قومی پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے ’ ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت تقریبات کے موقعہ پر ہزاروں شہریوں کی طرف سے لگائے گئے 1850 میٹر لمبے جھنڈے کا معائینہ کرنے کے لئے سٹیڈیم کا ایک چکر لگایا ۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے 1,850 میٹر لمبے قومی پرچم کی نمائش کی ایسی شاندار تقریب منعقد کرنے پر ضلعی اِنتظامیہ سری نگر کی کوششوں کی تعریف کی جو شہریوں میں قوم پرستی ، قربانی اور بھائی چارے کاجذبہ پیدا کرتا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر نے اِس موقعہ پر خطاب کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے کے لئے تمام شرکأ کی تعریف کی۔واضح رہے کہ نیشنل فلیگ کوڈ کے مطابق 1,850 میٹر لمبے جھنڈے کو رول کرنے اور اتارنے میں لگ بھگ 500 اَفراد مصروف تھے ۔ اِس کے علاوہ ریکارڈ 1,850 میٹر طویل قومی پرچم کو سلائی کرنے میں 10دِن لگے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بخشی سٹیڈیم میں آج جو 1,850 میٹر لمبا قومی پرچم لہرایا گیا ہے وہ ملک میں اَپنی نوعیت کا سب سے طویل قومی پرچم ہے ۔جھنڈا کھادی کے کپڑے سے بنا تھا۔










