سیاحتی مقام میں اب تک 7 لاکھ سے زائد ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے سیر کی
سرینگر//پہلگام میں گلمرگ کے طر ز کیبل کار گنڈولہ قائم کیا جارہاہے جس سے یہاں پر ملکی اور غیر ملکی سیاحت کو فروغ ملے گا۔ اس دوران رواں برس اب تک قریب سات لاکھ سے زائد سیلانیوں نے پہلگام کی سیر کی ہے جن میں غیر ملکی اور غیر ریاستی سیاح شامل تھے ، اس سے علاقے میں اقتصادی حالت بہتر ہوئی اور مقامی نوجوان بھی روزی روٹی کمانے میں مصروف رہے۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق وادی کشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات کی طرح ہی شہر آفاق پہلگام میں بھی ان دنوں سیلانیوں کا کافی رش رہا ہے۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ رواں برس اب تک پہلگام کی سیر پر قریب سات لاکھ سیاح آئے ، جن میں ملکی اور غیر ملکی سیلانی شامل تھے۔ اس ضمن میں محکمہ پہلگام ڈولومینٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مسرت ہاشم نے بتایا ہے کہ گزشتہ تین برسوں سے جہاں جموں کشمیر ٹورازم کو کافی نقصان سے دوچار ہونا پڑا تھا وہیں پر پہلگام جو دنیا بھر میں اپنی خوبصورتی کے لحاظ سے مشہور ہے میں بھی اْلو بولتے رہے تھے خاص کر کووڈ کے دور میں یہاںپر سیاحت کو بڑا دھچکہ لگا تھا۔ اس دوران ایک مقامی شخص محمد اسلم وانی نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں سے پہلگام میں سیاحت کو کافی نقصان پہنچا تھا یہاں تک کی جو یہاں پر ٹورازم سے جڑے ہوئے ہیں ان کی اقتصادی حالت کافی بگڑ گئی تاہم اس برس کافی ٹورسٹ یہاں پر آئے ہیں اور ہر کوئی ہوٹل بھرا پڑا ہے جس سے یہاں کے نوجوانوں کو بھی روزگار فراہم ہوا۔تاہم اب اس میں کافی بہتری آئی ہے اور اب موسم گرما ء میں بھی یہاںکے تمام بڑے ہوٹل سیاحوں سے بھرے پڑے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ پہلگام کی طرف زیادہ سے زیادہ لوگوں سیلانیوں کو راغب کرنے کیلئے کئی طرح کے اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔ سی این آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے سی ای او پہلگام ڈولومینٹ اتھارٹی مسرت ہاشم نے بتایاکہ محکمہ کی جانب سے گلمرگ کے طرز پر پہلگام میں بھی کیبل کار گنڈولہ قائم کیا جارہا ہے جو مقامی ، غیر مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو پہلگام کی طرف راغب کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوںنے بتایا کہ اسلسلے میں کئی طرح کے اقدامات اْٹھائے جارہے ہیں۔










