نئی دہلی: ماحول دوست الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی کے لیے وقف “15ویں ای وی ایکسپو 2022″ کا انعقاد پرگتی میدان، نئی دہلی میں 5 سے 7 اگست 2022 تک کیا جا رہا ہے ۔ مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے وزیر مملکت بھانو پرتاپ سنگھ ورما نے ایکسپو کا افتتاح کیا۔ایکسپو کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ” وزیر اعظم نریندر مودی کا خیال ہے کہ ہمارے ماحول کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل جیسے آلودگی پھیلانے والے ایندھن کے استعمال کو کم سے کم کیا جانا چاہیے اور جب ہم ایسا کرتے ہیں تو پھر الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال بڑھے گا۔ فی الحال ہماری سڑکوں پر الیکٹرک گاڑیوں کی تعداد صرف 0.35 فیصد ہے لیکن مستقبل قریب میں اس کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہونے والا ہے ۔ ایم ایس ایم ای سیکٹر میں لاکھوں چھوٹے یونٹ کام کر رہے ہیں اور تقریباً 30فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔ اس میں 11 کروڑ سے زیادہ لوگ کام کر رہے ہیں۔










