سرینگر//جموںو کشمیر کے اے ڈی جی پی وجے کمار نے جمعہ کے روز بتایا آرٹیکل 370 کی منسوخی نے وادی میں انکاؤنٹر سائٹس پر شٹ ڈاؤن، پتھراؤ کا خاتمہ کیا۔ پلوامہ گرنیڈ حملے میں ملوث لشکر طیبہ کے 2عسکریت پسندوں کی شناخت ہو گئی۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ADGP) وجے کمار نے جمعہ کو کہا کہ ہائبرڈ عسکریت پسند اب پولیس اور سیکورٹی فورسز کے لیے چیلنج نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی نے اکثر ہڑتالوں، اسکولوں کی بندش اور تصادم کے مقامات پر پتھراؤ کے واقعات کو ختم کر دیا ہے۔ یہاں نامہ نگاروں کو بتایا، “ایک سال پہلے، ہائبرڈ عسکریت پسند چیلنج تھے، لیکن اب نہیں کیونکہ ہم جلد از جلد ان کی شناخت کرتے ہیں اور انہیں گرفتار کرتے ہیں۔”کمار نے کہا کہ لوگوں کو پاکستان کے عزائم کو سمجھنا چاہیے اور یہاں پر امن کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور انتظامیہ کی مدد کرنی چاہیے۔کل کے پلوامہ گرنیڈ حملے کے بارے میں، اعلیٰ پولیس افسر نے کہا کہ لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے دو موٹر سائیکل پر سوار عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔”ہم نے ملوث عسکریت پسندوں کی شناخت کر لی ہے۔ وہ جلد ہی یا تو گرفتار ہو جائیں گے یا مارے جائیں گے،‘‘ انہوں نے کہا۔کمار نے کہا کہ آج بازار کھلے ہیں، جو عوام کے لیے ایک کارنامہ ہے۔”میں والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے گمراہ بچوں کی رہنمائی کریں اور انہیں اس راستے پر چلنے سے روکیں۔ جن لوگوں نے راستہ اختیار کیا ہے انہیں پولیس کے تعاون سے واپس لایا جائے۔










