سرینگر// اکھل بھارتیہ تیراپنتھ یووک پریشد کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون میں لفٹینٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں 17 ستمبر 2022 کو منعقد ہونے والی میگا بلڈ ڈونیشن ڈرائیو کی مہم کا ایک پوسٹر جاری کیا ۔ مسٹر سنجے جین کی قیادت میں وفد جس میں ایس جیتیش پوکھرنا اور ہندوستان کے سب سے بڑے خون عطیہ کرنے والے شبیر حسین خان شامل تھے نے لفٹینٹ گورنر کو یو ٹی میں میگا بلڈ ڈونیشن مہم کے انعقاد کے بارے میں آگاہ کیا ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ خون کا عطیہ کیمپ جو ملک بھر میں منعقد کیا جا رہا ہے ، جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں منعقد کیا جائے گا ۔ ایس جیتیش پوکھرنا نے لفٹینٹ گورنر کو تنظیم کی طرف سے بنی نوع انسان کی خدمت کیلئے کئے گئے کاموں سے آگاہ کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے اکھل بھارتیہ تیراپنتھ یووک پریشد اور اس کے اراکین کی طرف سے کئے گئے نیک کام کی تعریف کی اور ملک گیر میگا بلڈ ڈونیشن مہم کو کامیاب بنانے کیلئے یو ٹی انتظامیہ کی طرف سے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔










