موجودہ سیاسی جدوجہد وجود کی لڑائی ،اتحادوہم آہنگی ناگزیر

تنظیمی سطح پر متحرک ،متحد اورمنظم ہوناہوگا: نیشنل کانفرنس لیڈران

سوپور//نیشنل کانفرنس کے بلاک صدور اورسینئر اراکین کی ایک اہم میٹنگ سنیچر کوزینہ گیر سوپورمیں منعقد ہوئی ،جس میں اسمبلی حلقہ سوپور کے تینوں بلاکوںکے پارٹی صدوراوردیگرسینئر اراکین موجودتھے ۔جے کے این ایس کوموصولہ بیا ن کے مطابق میٹنگ میں پارٹی کے زونل صدر شمالی کشمیرجاویداحمدڈار ،پارٹی کے ضلع صدر بارہمولہ ڈاکٹر سجادشفیع اوڑی ،شمیمہ فردوس ،پارٹی لیڈر ارشاد رسول کار اورصدر یونسپل کونسل سوپور مسرت رسول کار نے بھی شرکت کی ۔نیشنل کانفرنس بلاک صدورکی میٹنگ میںجموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال ،عوام کودرپیش مشکلات ،عوامی مسائل وضروریات اورپارٹی امورات کو بھی زیرغورلایاگیا۔بیان کے مطابق پارٹی لیڈروں بشمول جاویداحمدڈار، ڈاکٹر سجادشفیع،شمیمہ فردوس ، ارشاد رسول کار اور مسرت رسول کار نے کہاکہ گزشتہ تین برسوں سے جموں وکشمیر کے لوگ ہرنوعیت کے مشکلات اورمسائل کوجھیل رہے ہیں ،اورکوئی ان کی دادرسی نہیں کررہاہے ۔انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس تینوں خطوں ،جموں ،کشمیراورلداخ کی یکجہتی اوراتحاد کی ضامن وعلمبرداررہی ہے اورآج بھی پارٹی کایہی موقف ہے کہ تینوں خطے تاریخی اہمیت کی حامل ریاست ،جموںوکشمیر کیلئے برابری کی بنیاد پراہمیت اورافادیت رکھتے ہیں۔نیشنل کانفرنس کے لیڈروںنے اتحاد کووقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیتے ہوئے خبردارکیاکہ باہمی نفاق اورتفرقہ جموں وکشمیر اوریہاںرہنے والے لوگوں کیلئے آئندہ بھی سخت مشکلات اورناانصافی کی راہیں آسان بناسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل کاحل اورتعمیروترقی ایک معمول کاعمل ہے ،لیکن موجودہ سیاسی جدوجہد وجود کی لڑائی ہے ،جس میں سب کاشانہ بشانہ شامل ہونا لازمی ہے ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈروںنے کہاکہ یہ پارٹی ہمیشہ قومی معاملات پراتحاد اور یکجہتی کی داعی رہی ہے اورآج بھی ہم اسی اصول پرکاربند ہیں ،تاکہ جموں وکشمیر کے عوام کوعلاقائیت ،مذہب اورذات پات کی آڑمیں تقسیم کرنے کی سارشیں کرنے والوںکی کوششوںکوناکام بنایاجائے ۔انہوںنے کہاکہ جب ہماری اپنی صفوں میں اتحاد ہوگا،اورہم میں باہمی ہم آہنگی ہوگی توہم قومی ،سیاسی اورعوامی سطح پر جموں وکشمیر اوریہاںکے لوگوںکے وسیع تر مفادمیں اتحاد اورہم آہنگی کومزیدمضبوط بناسکتے ہیں ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈروںنے پارٹی کے بلاک صدور اوردیگرسینئر اراکین پرزوردیاکہ وہ تنظیمی سطح پر متحد ،متحرک اورمنظم ہوجائیں تاکہ عوامی سطح پر بھی اتحاد کومزید مضبوط بناجائے ۔انہوںنے ساتھ ہی کہاکہ جموں وکشمیر میں جب بھی اسمبلی انتخابات ہوں توہمیں اسکی تیاریاںکرنے میں دیر نہیں لگنی چاہئے اوریہ تب ہی ممکن ہوگا،جب ہم آج سے ہی تنظیمی سطح پر متحرک ،متحد اورمنظم ہوکر فعال عوامی رابطہ مہم کوآگے بڑھائیں گے ۔