سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسیNIA نے بدھ کو پلوامہ اور سری نگر اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے اوریہ چھاپے اس سال مئی میںچھانہ پورہ سری نگر میں 15 پستول کی برآمدگی سے متعلق جاری تحقیقات کاحصہ تھے۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کے اہلکاروں نے پولیس اور نیم فوجی سی آر پی ایف اہلکاروں کی مدد سے بدھ کی صبح جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں 5مقامات اور سری نگر ضلع میں4 مقامات پر چھاپے مارے۔ذرائع نے بتایاکہ یہ چھاپے 23 مئی کوسری نگرکے چھانہ پورہ علاقے میں15 پستولوں کی برآمدگی سے متعلق تھے۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ملی ٹنٹ ان ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے ہٹ اینڈ رن کیسوں کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس نے اس دن2 ٹی آر ایف ملی ٹنٹوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔بعد میں اس کیس کو این آئی اے نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ یہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا آج کی چھاپوں کے دوران این آئی اے نے مزید کوئی گرفتاری عمل میں لائی یا کسی مجرم مواد کوبرآمد کیاکہ نہیں۔










