مشیر بٹھناگر نے آئی ٹی آئی سیر ، ایچ ایس ایس پہلگام کا دورہ کیا

مشیر بٹھناگر نے آئی ٹی آئی سیر ، ایچ ایس ایس پہلگام کا دورہ کیا

اننت ناگ / /لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر نے آئی ٹی آئی وومن سیر کا اچانک دورہ کیا اور انسٹی ٹیوٹ کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران مشیر نے انسٹی ٹیوٹ کا تفصیلی چکر لگایا اور کلاس رومز ، لیبز ، ٹیلرنگ لیبز اور دیگر تجارتی بلاکس کا معائینہ کرنے کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کی دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے انسٹی ٹیوٹ کے فیکلٹی ممبران کو ہدایت دی کہ وہ طلبا کو تربیت دیتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کریں اور انہیں جدید صنعتی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنائیں تا کہ یہ روز گار کے قابل بن سکیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ طلباء کو علم اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں تا کہ وہ پورے معاشرے کیلئے نتیجہ خیز بنیں ۔ مشیر نے انہیں کورس کی پری ٹریننگ ، داخلہ سے پہلے طلباء کی ہینڈ ہولڈنگ کی ہدایت دی تا کہ زیادہ طلباء ادارے کی طرف راغب ہوں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ آئی ٹی آئی میں پیش کئے جانے والے اسکل ڈیولپمنٹ کورسز کے حوالے سے سکولوں اور کالجوں میں واقفیت شروع کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ طلباء ان کورسز کی طرف راغب ہوں ۔ اس موقع پر مشیر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بے روز گاری کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے ہُنر مندی کی فراہمی میں مہارت کی ترقی کے شعبے کا اہم کردار ہے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تعلیم اور مہارت کی تعمیر نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا بنیادی ذریعہ ہے مشیر بٹھناگر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ضروری مہارت فراہم کرنے کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کو یقینی بنانے کیلئے بھر پور کوششیں کریں ۔ دورے کے دوران مشیر کو بتایا گیا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ وزیر اعظم کے تعمیر نو پروگرام کے تحت قائم کیا گیا ہے اور نو ٹریڈز میں طلباء کو تربیت دے رہا ہے ۔ دورے کے دوران کئی مقامی لوگوں نے مشیر سے ملاقات کی اور کئی ترقیاتی مسائل ان کے نوٹس میں لائے ۔ مشیر نے ان سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام جائیز مسائل اور مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔ بعد میں مشیر بٹھناگر نے ہائیر سکینڈری سکول ( ایچ ایس ایس ) پہلگام کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے سکول کے کلاس رومز ، لیبارٹریز ، لائیبریری اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ آن لائین موڈ کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو ہر ممکن مدد فراہم کریں ۔ مشیر نے سکول کے پرنسپل کو 100 فیصد ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ طلبا کو سکول میں کلاس ورک دوبارہ شروع کرنے کی بھی ہدایت دی ۔