سری نگر//سابق وزیر و نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی نے جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے دو عزاداروں کو UAPAکے تحت گرفتار کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور شیعہ لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا: ’’شریف آباد سے تعلق رکھنے والے دو عزاداروں نے بڈگام میں عاشورہ جلوس کے دوران جھنڈا لہرایا تھا جس پر ’مظلوم کشمیر‘ تحریر کیا ہو تھا۔ پولیس نے دونوں عزاداروں کو یو اے پی اے (UAPA) کے تحت گرفتار کرکے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ وہ مظلوم نہیں ہے۔‘‘روح اللہ مہدی نے ٹویٹ میں طنز کرتے ہوئے کہا: ’’پولیس گری کا یہ نمونہ دنیا کے سبھی جمہوری ممالک کو اپنانا چاہئے۔‘‘معلوم ہوا ہے کہ دس محرم الحرام کو وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں عاشورہ جلوس کے دوران بعض عزاداروں نے جھنڈا لہرایا تھا جس پر ’’مظلوم کشمیر‘‘ تحریر کیا ہوا تھا۔عاشورہ کے جلوس کے دوران مبینہ طور ’’مظلوم کشمیر‘‘ جھنڈا لہرانے والے دونوں عزاداروں کو جموں و کشمیر پولیس نے یو اے پی اے قانون کے تحت گرفتار کر لیا ہے










