بھارد واج نے محکمہ صحت کے کام کاج کا جائیزہ لیا

سرینگر//ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم وویک بھاردواج نے ہیلتھ سروسز ڈائریکٹوریٹ کشمیر کے کام کاج اور کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر مشتاق احمد راتھر ، ڈی جی پلاننگ ایچ اینڈ ایم ای ستویر کور ، جوائینٹ ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور محکمہ کے دیگر افسران نے شرکت کی ۔ بھردواج نے افسران پر زور دیا کہ وہ تمام ٹیسٹوں کے انتظار کے وقت کو کم کرنے کیلئے کام کریں اور محکمہ کی طرف سے پیش کی جانے والی دیگر خدمات خاص طور پر آر ٹی ۔ پی سی آر ٹیسٹ اور ایمبولینس خدمات وقت پر مہیاء کریں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے ہر افسر سے ان کے کردار اور ذمہ داری اور ان کے کام کے انداز کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ ان میں سے ہر ایک کو درپیش مسائل کی نشاندہی کریں تا کہ ان کو فوری حل کیا جائے ۔ انہوں نے حکم دیا کہ ان کا کام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اسے ایک لمحے کیلئے اتفاقیہ نہیں لیا جا سکتا ۔ انہوں نے افسران کو محکمے کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی تمام کوششوں میں ان کی مدد کی پیشکش کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نے محکمہ کی طرف سے کی گئی کارکردگی اور کامیابیوں کے حوالے سے ایک تعارفی پاور پوائینٹ پرذنٹیشن دی ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ محکمہ کی جانب سے 33.34 لاکھ او پی ڈی داخلے ، 1.03 لاکھ آئی پی ڈی داخلے ، 0.07 لاکھ سرجریز ، 11.25 لاکھ لیب ٹیسٹ اور 0.14 لاکھ ڈیلوریز کی گئیں ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ خصوصی خدمات میں سے 10 ہسپتالوں کو ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن میں آج تک 13000 سے زائد سیشن منعقد کئے گئے ہیں ۔ نشے کے علاج کی سہولیات 5 اضلاع میں متعارف کرائی گئی ہیں اور تمام ضلعی ہسپتالوں میں خون ذخیرہ کرنے کی سہولیات اور 5 صحت کے اداروں میں خون کے جزو علیحدگی یونٹ بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ کووڈ ویکسی نیشن کے بارے میں کہا گیا کہ آج تک 38.92 لاکھ خوراکیں دی گئی ہیں محکمہ فی الحال تمام اقدامات کر رہا ہے اور اس بیماری کی متوقع تیسری لہر کیلئے خود کو تیار کر رہا ہے ۔