سرینگر // نادی ہل بانڈی پورہ میں فوجی گاڑی نے ایک معمر خاتون کو کچل کر موت کی ابدی نیند سلادیا جبکہ پولیس نے گاڑی ضبط کرکے ایف آئی آر درج کرلیا ہے۔ ادھرکنگن میں ایک کار اور ایک ٹرک کے مابین ٹکر ہونے سے لیہہ سے تعلق رکھنے والی 2خواتین زخمی ہوگئیں۔ اس دوران پونچھ میں بس اور گاڑی کے درمیان ٹکر ہونے سے ڈرائیور سمیت 17مسافرزخمی ہوگئے۔ کے این ایس کے مطابق بدھوار کو ڈیڑھ بجے فوجی کانوائے جارہی تھی کہ اس دوران ایک گاڑی نے گل جانی زوجہ عبدالرحمان ساکنہ ارگام بانڈی پورہ کو زور دار ٹکر ماردی جس کے نتیجہ میں مذکورہ خاتون کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ اس دوران پولیس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورا کرنے کیلئے ہسپتال لے گئے۔ پولیس نے گاڑی ضبط کرکے ایف آئی آر درج لیا ہے۔اس دوران بدھوار کو گنہ ون گنڈ کنگن میںایک کار اور ایک ٹکر کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجہ میں لیہہ میں رہنے والی 2خواتین زخمی ہوئیں۔ زخمی خواتین کو فوی طور پر صورہ ہسپتال لے جایاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔پولیس نے معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ دریں اثناء قصبہ پونچھ سے ایک کلومیٹر دور کانی یان میں جموں پونچھ شاہراہ پر ایک کینٹر بس زیر نمبرJK12/910اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر ہوئی ۔پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار کاکہنا ہے کہ حادثہ میں بس ڈرائیور سمیت17افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج و معالجہ کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایاگیا۔ تاہم ڈاکٹروںنے بس ڈرائیور کو مزید علاج و معالجہ کیلئے جی ایم سی جموں منتقل کردیا۔ اس دوران پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کی ایک گاڑی کی ٹکر سے خاتون ہلاک ہوگئی جس پرمتعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے معاملہ کی تحقیقات شروع کی گئی ہے۔










