وبائی امراض کے دوران نرسنگ ، پیرا میڈیکل عملہ کے کردار کو بڑھاوا دیا ۔ مشیر بٹھناگر
سرینگر //مادرِ مہربان انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ سائینسز اینڈ ریسرچ ( ایم ایم آئی این ایس آر ) سکمز نے ایس کے آئی سی سی میں 7 واں سالانہ کالج ڈے منایا جہاں نرسنگ کے شعبے میں وجود کی چار دہائیاں مکمل ہوئیں ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بٹھناگر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولو مہمانِ ذی وقار کی حثیت سے موجود تھے ۔ اس موقع پر مشیر بٹھناگر نے خطاب کرتے ہوئے وبائی امراض کووڈ 19 کے دوران ایس کے آئی ایم ایس جیسے پریمئیر انسٹی ٹیوٹ کے کردار کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کووڈ 19 وبائی مرض کے انتظام میں سکمز کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ وبائی امراض کے دوران نرسنگ اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے کردار میں اضافہ ہوا ہے ۔ مشیر نے اپنے خطاب میں تمام ہونہار طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور خواہش کی کہ وہ اپنے اساتذہ کے ذریعہ پیشہ وارانہ مہارت کی وراثت کو مزید آگے بڑھائیں گے ۔ انہوں نے وبائی امراض کے دوران انتھک اور قابل ستائش جذبے پر تمام کووڈ جنگجوؤں خصوصاً نرسوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کریٹیکل کئیر نرسنگ کی اہمیت کے بارے میں بھی ریمارکس دئیے جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے اس مشکل وقت میں بہت زیادہ اہمیت حاصل ہوئی ہے ۔ مشیر نے عام لوگوں کو بھی اپیل کی کہ وہ وبائی مرض کی تیسری لہر کی روکتھام کیلئے کووڈ کے مناسب طرز عمل پر عمل کریں ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈولو نے اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے نرسنگ کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں پچاس فیصد عملہ نرسوں کے طور پر کام کرتا ہے جو ڈاکٹروں اور مریضوں کے مابین رابطہ کا کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عملہ تعریف کا مستحق ہے ۔ ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس ڈاکٹر اے جی آہنگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ نہ صرف کووڈ اور غیر کووڈ منیجمنٹ بلکہ عملی سرگرمیوں میں بھی سکمز پیش پیش رہتا ہے ۔ پرنسپل ایم ایم آئی این ایس آر محترمہ دلشادہ نے اپنے خطاب میں انسٹی ٹیوٹ کی عملی اور تحقیقی سرگرمیوں کے بارے میں روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر کالج کی علمی اور تحقیقی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے والی ایم ایم آئی این ایس آر کی یاداشت اور سوویونئر بھی جاری کیا گیا ۔ اس موقع پر ہونہار طلباء کو بھی اعزاز سے نوازا گیا ۔










