ڈاکٹر اِیتو نے رفیع آباد کے بالائی علاقوں کا دورہ کیا
بارہمولہ//محکمہ سیاحت کشمیر سیاحتی نقشے پر کِٹر دَجی ، منڈے دجی ، بوسیان اور دیگر علاقوں کو لانے کا منصوبہ ہے اور اِس عمل میں محکمہ ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کر رہا ہے۔اِس ضمن میں ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے آج رفیع آباد کے بالائی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا جس دوران انہوں نے کِٹر دجی ، منڈے دجی ، کنگروسا ، ڈنگی وچہ اور دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا تاکہ اِن علاقوں کی سپاٹ فزیبلٹی اور سیاحتی صلاحیت کا جائزہ لیا جاسکے ۔اُنہوں نے مختلف مقامات پر چلنے والے راستوں اور دیگر مقامات پر دستیاب مہم جو راستوں کا بھی جائزہ لیا۔ناظم سیاحت کشمیر نے مختلف مقامات پر مقامی لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سیاحوں کی تفریح کے لئے پوشیدہ سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور دریافت کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ا س سے ان مقامات پر مقامی معاشی سرگرمیوں میں بے پناہ بہتری آئے گی۔ ڈاکٹر ایتو نے کہا کہ محکمہ سیاحت شراکت داروں کو ہر محاذ پر ہینڈ ہولڈنگ کا کام انجام دے رہا ہے تاکہ وہ پوسٹ کوڈ کاروباری ماحول کے چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل ہوں۔دورے کے دوران ناظم سیاحت نے خصوصی طور پر ان مقامات پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور سیاحتی یونٹ شروع کرنے سے مختلف مراعات کا فائدہ اُٹھائیں جس کے لئے محکمہ ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔بعدمیں اَفسران کی ایک ٹیم نے گوردوارہ تتیانہ صاحب ، شالہ بُگ، حضرت سیّد محمد جانباز ولی ؒکی زیارت گاہ،خان پور اور اسر شریف بارہمولہ کا دورہ کیا اور پلگرم سیاحت کے تحت مختلف کاموں کا جائز ہ لیا۔ناظم سیاحت کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر ( رجسٹریشن ) ٹوراِزم ڈاکٹر احسان الحق چشتی ، ڈپٹی ڈائریکٹر ( ایم اینڈ ڈبلیو ) ٹوراِزم بشیر احمد اور سیاحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے سینئر اَفسران بھی تھے۔










