لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کے الیکٹریکل انسپکشن وِنگ کے ویب پورٹل کا آغاز کیا

سری نگر// محکمہ بجلی کی خدمات کو عوام تک آسانی سے پہنچانے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے الیکٹریکل اِنسپکشن وِنگ کے ویب پورٹل کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے نئے شروع ہونے والے پورٹل کی اہم خصوصیات پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اِس اقدام سے بجلی کے معائینے کے عمل کو عوام کے لئے زیادہ آسان بنایا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس سے کسی مخصوص شیڈول میں فٹنس سر ٹیفکیٹ کے اجرأ کو بھی یقینی بنایا جائے گا ۔ اس طرح مقررہ معیاد میں عوامی استعمال کے لئے تنصیبات کا اجرأقابل عمل ہوگا۔پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ روہت کنسل نے کہا کہ درخواست دہندہ www.eijammu.in پرلاگ اِن کرسکتا ہے اور انسپکشن پروسس کے لئے درخواست دے سکتا ہے۔وقت کی پابندی کا طریقہ کار بھی قائم کیا گیا ہے جس کے تحت درخواست دہندہ کو 12 دن کے اندر اندر ویب سائٹ کے ذریعے منظوری یا رد کے بارے میں بتایا جائے گا۔جانکاری اور جان و مال کے لئے کسی بھی قسم کے برقی خطرہ یا خطرے سے بچنے کے لئے عوام کے لئے کسی بھی غیر محفوظ بجلی کی تنصیب کی تصویر اَپ لوڈ کرنے کا اِنتظام رکھا گیا ہے ، اگر وہ اپنے علاقے میں محسوس کریں تو یوٹیلیٹی عملہ کے ذریعہ فوری طور پر اصلاح کی جائے گی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمدخان ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار اور دیگر اَفسران موجود تھے۔