لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار دکھ

سری نگر//جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے معروف بالی ووڈ ادا کار دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مرحوم اداکار کے بھارتی سینما کے تئیں نمایاں رول کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے بدھ کے روز اپنے ایک ٹویٹ میں مرحوم ادا کار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: ’معروف ادا کار دلیپ کمار جی کے انتقال کی خبر سن کر گہرا دکھ ہوا۔ وہ ایک ہمہ پہلو شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ملک و بیرون ملک لاکھوں مداحوں کو اپنی مثالی ادا کاری سے محظوظ کیا۔ بھارتی سینما کے تئیں ان کے رول کو صدیوں تک یاد رکھا جائے گا، میں ان کے اہلخانہ اور مداحوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں‘۔بتادیں کہ دلیپ کمار بدھ کی صبح ساڑھے سات بجے ممبئی کے ہندو جا ہسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ 98 برس کے تھے۔ انہیں بدھ کی شام پانچ بجے جوہو قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔پاکستان کے شہر پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو جنم لینے والے دلیپ کمار غالباً 1935 میں کاروبار کے سلسلے میں ممبئی چلے آئے۔ ان کا اصل نام محمد یوسف خان تھا۔دلیپ کمار نے 22 برس کی عمر سے فلمی دنیا میں اپنے کیرئر کا آغاز کیا اور 6 دہائیوں پر مشتمل اس کیرئر میں انہوں نے 65 سے زیادہ فلموں میں اپنی ادا کاری کے جوہر دکھائے۔ان کی یاد گار فلموں میں شہید، مغل اعظم،میلہ، دنیا کے پار، بابل، فٹ پاتھ، دیوداس، نیا دور، گنگا جمنا وغیرہ خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔