کہا،یہ بات درست ہے کہ نمبر آپ کو ایک دروازے تک پہنچا سکتے ہیںلیکن اس دروازے کے پار آپ کی زِندگی کس طرح ہوگی، یہ آپ کے کردار سے طے ہوگا
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے امر اُجالا میڈ ھاوی چھاتر سمان سماروہ ‘میں نمایاں کارکردگی دِکھانے والے طلبأ کو اعزازات سے نوازا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا اصل مستقبل اس کے ہونہار نوجوانوں میں جھلکتا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ یہ طلبا ٔ آنے والے برسوں میں ملک کی ترقی میں نمایاں کردار اَدا کریں گے ۔اُنہوں نے’امر اُجالا گروپ ‘کی سراہنا کی کہ وہ ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل یہ پروگرام منعقد کرتا رہتا ہے اور طلبأ میںعلمی معیار کو بڑھاوا دیتا ہے ۔اُنہوںنے کہا کہ تعلیم کی روشنی ابدی ہے اور جب دوسروں کے ساتھ بانٹی جاتی ہے تو بڑھتی رہتی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تعلیم کا پہلا اور سب سے اہم نتیجہ’عاجزی‘ہے۔ اُنہوں نے ہندوستان کی فلسفیانہ روایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کردار سازی کرتی ہے،صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہے اور آخر میں بامعنی اور اطمینان بخش زِندگی کی طرف لے جاتی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ سچ ہے کہ نمبر آپ کو ایک دروازے تک تو پہنچا سکتے ہیں لیکن اس دروازے کے پار آپ کی زندگی کیسی ہوگی، یہ آپ کے کردار سے طے ہو گا۔ ناکامی صرف ایک واقعہ ہے ، آپ کی شناخت نہیں۔ مضبوط عزم رکھیں، پُر اعتماد رہیں، اپنی پوری کوشش کریں اور پھر جو بھی نتیجہ آئے اسے سکون اور توازن کے ساتھ قبول کریں۔ جو شخص یہ کر سکتا ہے،اسے کوئی شکست یا ناکامی نہیں توڑ سکتی۔ مارک شیٹ زندگی کا مارک شیٹ نہیں ہے۔ بڑے خواب دیکھیں، عاجز رہیں اور ناکامی سے اوپر اُٹھ کر آگے بڑھیں۔‘‘اُنہوں نے طلبأ کی ہمہ جہت نشو و نما پر زور دیتے ہوئے انہیں اپنی زندگی میں تین چراغ علم کا چراغ، ہمدردی کا چراغ اور کردار کا چراغ روشن کرنے کا مشورہ دیا۔اُنہو ںنے کہا،’’مشین معلومات فراہم کر سکتی ہے لیکن حکمت نہیں دے سکتی ۔ یہ جوابات تو دے سکتی ہے، مگر یہ نہیں بتا سکتی کہ کون سا سوال پوچھنا درست ہے۔ مشین حساب کر سکتی ہے لیکن اس میں ہمدردی جیسی اقدار موجود نہیں ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لہٰذا ہمیشہ یاد رکھیں کہ مستقبل میں سب سے قیمتی چیز وہ ہوگی جو کوئی مشین نہیں کر سکتی اور وہ ہے آپ کی حکمت، صحیح اور غلط میں تمیز کرنے کی صلاحیت، تنقیدی سوچ، صبر، ہمدردی، حساسیت، حوصلہ اور تجسس ہے۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ صلاحیت آپ کو بلندی تک پہنچاتی ہے لیکن کردار وہ طاقت ہے جو آپ کو اس بلندی پر قائم رکھتی ہے۔اُنہوں نے طلبأکی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان مخصوص انسانی خوبیوں کو مضبوط بنائیں جو مستقبل میں بھی انتہائی قیمتی ثابت ہوں گی۔ اُنہوںنے جذباتی تندرستی کے بارے میں بات کی اور طلبأ پر زور دیا کہ مشکل وقت میں مدد حاصل کرنے سے ہرگز نہ ہچکچائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے اِس بات پر زور دیا کہ خوف، بے چینی اور ناکامیاں فطری تجربات ہیں اور اصل ہمت مدد قبول کرنے اور مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھنے میں ہے۔ اُنہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اَپنے بچوں کو محض نمبروں اور ریکنکنگ کے تناظر میں نہ دیکھیںبلکہ ان کی خوشی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔اُنہوں نے کردار کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی صرف کارکردگی سے نہیں بلکہ دیانت، عاجزی اور خدمت کے عزم سے بھی ناپی جاتی ہے۔ اُنہوں نے طلبأ کو معاشرے کے لئے کام کرنے کی ترغیب دی بالخصوص ان لوگوں کی مدد کرنا جن کے پاس مواقع کم ہو سکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ 2047 تک ’ترقی یافتہ ہندوستان‘ کے ویژن کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کلیدی کردار اَدا کریں۔ اُنہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ علم کو ہمدردی کے ساتھ، مہارت کو اقدار کے ساتھ اور کامیابی کو سماجی ذمہ داری کے ساتھ جوڑیں۔اُنہوں نے کہا، ’’جب آپ اپنے کیریئر میں آگے بڑھیں تو یہ نہ بھولیں کہ دیہاتوں میں ایسے بچے بھی ہیں جنہیں شاید کوچنگ کی سہولیت میسر نہ ہو، لیکن ان کے خواب آپ کے خوابوں جتنے ہی بڑے ہیں۔ جب آپ کامیاب ہو جائیں، تو پیچھے مڑ کر دیکھیں اور ان بچوں کا ہاتھ تھام لیں۔ میرا ماننا ہے کہ اصل کامیابی وہی ہے جو دوسروں کی راہوں کو روشن کرنے کے کام آئے۔‘‘اس اعزازی تقریب میں ریذیڈنٹ ایڈیٹر، امر اجالا ہماچل پردیش باویندر وششٹھ،وائس چانسلر سکاسٹ جموں پروفیسر بی این تری پاٹھی،کمشنر سیکرٹری سکولی تعلیم رام نواس شرما، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں منگا شیرپا،ایس ایس پی جموں جوگندر سنگھ، ایڈیٹر امراُجالا جموں ابھیشیک راج، ، امر اُجالا گروپ کے ایڈیٹروں اور ارکان،سینئر اَفسران، تعلیمی اِداروں کے سربراہان، اَساتذہ، طلبأ اور ان کے والدین نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر پدم شری بلونٹ ٹھاکر اور دیگر ممتاز شہری بھی وموجود تھے۔










