جے ڈی وینس اور مارکو روبیوصدارتی انتخابات 2028کے ممکنہ امیدوار :ٹرمپ

جے ڈی وینس اور مارکو روبیوصدارتی انتخابات 2028کے ممکنہ امیدوار :ٹرمپ

واشنگٹن//یواین آئی//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 2028 کے صدارتی انتخابات میں نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو واضح طور پر ریپبلکن پارٹی کے نمایاں ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں، تاہم اس معاملے میں کوئی حیران کن پیش رفت بھی ہوسکتی ہے۔ بلومبرگ نیوز ایجنسی کے مطابق فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے پاس غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل چند شخصیات موجود ہیں۔ چند روز قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ اگر نائب صدر جے ڈی وینس نے 2028 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا تو وہ ان کی بھرپور حمایت کریں گے ۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا تھا کہ ان کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اور ان کی اولین ترجیح صدر ٹرمپ کی مدت صدارت کے اختتام تک ان کے ساتھ کام کرنا ہے ۔ مارکو روبیو نے اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا منصوبہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی مدت صدارت مکمل ہونے تک کام جاری رکھنا ہے ۔ انہوں نے ایسے وقت میں عہدہ چھوڑنے کے کسی بھی ارادے کی تردید کی جب ان کے سیاسی مستقبل اور آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر تھیں۔ روبیو کے یہ بیانات برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آئے تھے ، جس میں ریپبلکن ذرائع اور برطانوی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ 2028 کے انتخابات کی تیاری کے لیے امریکی انتظامیہ سے الگ ہوسکتے ہیں۔ تاہم وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔ صدر ٹرمپ کی مدت صدارت ختم ہونے کے بعد ان کی سیاسی میراث سنبھالنے والے ممکنہ امیدوار کے حوالے سے بحث تیز ہوگئی ہے ۔ اس تناظر میں مارکو روبیو اور جے ڈی وینس کو ریپبلکن پارٹی کے اندر 2028 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی جانشینی کے لیے نمایاں ترین ناموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔