بھارتی بحریہ کے پاس کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی موجود / چیف آف نیول اسٹاف
سرینگر / این این بی // پاکستان کی مسلح افواج کے پاس موجود 85فیصد سے زائد فوجی سازوسامان چینی ساختہ کا ہے کا دعویٰ کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے کہا ہے کہاس کے پیش نظر بھارتی بحریہ پاکستان کی فوجی صلاحیتوں اور اس کی بحری استعداد پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق نئی دہلی میں منعقدہ اے این آئی نیشنل سیکورٹی سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے کہا ہے کہ بھارت اپنے پڑوسی ممالک کی فوجی اور دفاعی صلاحیتوں کا مسلسل جائزہ لیتا رہتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قومی سلامتی کے تناظر میں بھارت پاکستان اور چین کو دو الگ الگ چیلنجز کے طور پر دیکھتا ہے۔ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے پاکستان کے فوجی سازوسامان میں چینی ساختہ ہتھیاروں اور دفاعی نظام کے بڑے حصے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے پاس موجود 85 فیصد سے زیادہ سازوسامان چین سے حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی سازوسامان میں کچھ حصہ ترکی سے حاصل کردہ بھی ہے، تاہم مجموعی طور پر چینی ساختہ فوجی سازوسامان کا حصہ نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ نیوی چیف کے مطابق بھارتی ادارے پاکستان کی فوجی صلاحیتوں، اس کے دفاعی نظام اور مستقبل میں حاصل کی جانے والی عسکری ٹیکنالوجی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت اندازہ لگایا جا سکے۔سوامی ناتھن نے کہا کہ بھارتی دفاعی ادارے پاکستان کی فوجی صلاحیتوں سے بخوبی واقف ہیں اور اس سلسلے میں ضروری تیاری بھی کی جاتی ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اپنے دفاعی منصوبہ بندی کے دوران پڑوسی ممالک کی عسکری صلاحیتوں، ان کے ہتھیاروں، جنگی پلیٹ فارمز اور آپریشنل صلاحیتوں کو مدنظر رکھتا ہے۔چین اور پاکستان کی جانب سے بیک وقت ممکنہ فوجی دباو ¿ یا ”دو محاذوں“ کے چیلنج سے متعلق سوال پر نیوی چیف نے کہا کہ بھارتی بحریہ سمندری سلامتی کو روایتی طور پر ایک محاذ یا دو محاذوں کی جنگ کے تصور تک محدود نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ سمندر ایک مسلسل اور مربوط خطہ ہے، اس لیے بحری حکمت عملی کو زمینی محاذوں کی طرح ایک یا دو حصوں میں تقسیم کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ان کے مطابق بھارتی بحریہ کی منصوبہ بندی وسیع تر سمندری خطے اور مختلف ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے۔نیوی چیف نے کہا کہ بھارت کے پاس ممکنہ سمندری خطرات سے نمٹنے کے لیے جدید اور طاقتور سطحی جنگی بحری جہاز، فضائی اثاثے اور آبدوزیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ مختلف نوعیت کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مسلسل مضبوط کر رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے منصوبہ بندی موجود ہے۔سوامی ناتھن نے کہا کہ اگر کسی دشمن کی آبدوزوں سے بھارت کے لیے حقیقی خطرہ پیدا ہوتا ہے تو بھارتی بحریہ کے پاس اس خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک مضبوط منصوبہ موجود ہے۔انہوں نے کہا ”ہم جانتے ہیں کہ ان کا مقابلہ کیسے کرنا ہے۔“نیوی چیف کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی بحریہ خطے میں بدلتے ہوئے دفاعی منظرنامے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کی بحری صلاحیتوں میں اضافے، چینی دفاعی سازوسامان پر اس کے انحصار اور خطے میں ممکنہ سیکورٹی چیلنجز کے پیش نظر بھارتی بحریہ اپنی دفاعی منصوبہ بندی کو مسلسل اپ ڈیٹ کر رہی ہے۔ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے اس موقع پر اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ بھارتی بحریہ سمندری حدود میں کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی جنگی صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے انکشاف کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں بھارتی جنگی جہاز آئی این ایس کولکاتا اور پاکستانی بحری جہاز پی این ایس حنین کے درمیان ہونے والی ٹکر میں پاکستانی جہاز کو کہیں زیادہ نقصان پہنچا، جبکہ بھارتی جنگی جہاز کو کوئی قابل ِ ذکر نقصان نہیں ہوا۔قومی سلامتی سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل سوامی ناتھن نے بتایا کہ پاکستانی بحری جہاز خطرناک انداز میں بھارتی جنگی جہاز کے قریب آگیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں جہاز آپس میں ٹکرا گئے۔انہوں نے کہا کہ سمندر میں مختلف ممالک کے جنگی جہازوں کا ایک دوسرے کے قریب آنا غیر معمولی بات نہیں، تاہم اس موقع پر پاکستانی جہاز نے غیر محتاط انداز میں نقل و حرکت کی اور ایک ایسے مقام تک پہنچ گیا جہاں سے ٹکراؤ سے بچنا مشکل ہوگیا تھا۔بھارتی بحریہ کے سربراہ کے مطابق پاکستانی جہاز نے آخری لمحے میں اپنا راستہ تبدیل کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ بھارتی جنگی جہاز سے ٹکرا گیا۔انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے پاکستانی جہاز بھارتی جہاز کے ایسے حصے سے ٹکرایا جہاں کوئی نقصان نہیں ہوا، تاہم پاکستانی جہاز کو نسبتاً زیادہ نقصان پہنچا۔










