کرائم برانچ جموں نے کشتواڑ کے ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل دائر کردی
سرینگر / این این بی // جعلی و فرضی سرٹیفکیٹ کے ذریعے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا الزام میںکرائم برانچ جموں نے ملزم کے خلا ف چارج شیٹ داخل کردی۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کرائم برانچ (اقتصادی جرائم ونگ) جموں نے جعلی اور فرضی اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ کے ذریعے محکمہ جنگلات میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے الزام میں ایک شہری کے خلاف چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کشتواڑ کی عدالت میں پیش کردی ہے۔کرائم برانچ کے مطابق ملزم کی شناخت شمشیر سنگھ ولد آنجہانی چرن داس ساکنہ تٹہ پانی، پڈر، ضلع کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔یہ معاملہ محکمہ جنگلات کی جانب سے بھیجی گئی شکایت کے بعد سامنے آیا، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ ملزم نے اپنی تاریخ پیدائش سے متعلق متضاد ریکارڈ پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی تعلیمی دستاویز کا استعمال کیا۔شکایت موصول ہونے کے بعد کرائم برانچ جموں نے ایف آئی آر نمبر 41/2021درج کرکے تعزیراتِ ریاست کی دفعات 420، 465، 467، 468 اور 471کے تحت تحقیقات شروع کیں۔کرائم برانچ کے مطابق انسپکٹر سمیر احمد کی سربراہی میں کی گئی تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے دستاویزی اور زبانی شواہد سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزم شمشیر سنگھ نے مبینہ طور پر جعلی اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ کا استعمال کرتے ہوئے محکمہ جنگلات میں ملازمت حاصل کی۔تحقیقات میں مزید الزام سامنے آیا کہ ملزم نے مذکورہ ملازمت کے دوران سرکاری خزانے سے 7لاکھ 65 ہزار 210 روپے بطور تنخواہ حاصل کیے، جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو مبینہ طور پر مالی نقصان پہنچا۔کرائم برانچ نے تحقیقات مکمل کرنے اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف چارج شیٹ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کشتواڑ کی عدالت میں پیش کردی ہے، جہاں معاملے کا قانونی طور پر تعین کیا جائے گا۔اس دوران ایس ایس پی کرائم برانچ، اکنامک آفنسز ونگ جموں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ملازمت سے متعلق فراڈ اور دھوکہ دہی کے واقعات سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر انہیں اس نوعیت کی کسی غیر قانونی سرگرمی کا علم ہو تو فوری طور پر کرائم برانچ جموں کو اطلاع دیں۔










