جموں//کمشنر سیکرٹری اِمدادِ باہمی محکمہ یشامدگل نے سول سیکرٹریٹ میں کوآپریٹوڈیپارٹمنٹ کے کام کاج ، مرکزی معاونت والی سکیموں کی پیش رفت ،بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی عمل آوری اور جموںوکشمیر یونین ٹیریٹری میں مالی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز (آر سی ایس)، ایڈیشنل رجسٹراروں، جوائنٹ رجسٹراروں (آڈِٹ، سپیشل، اور بینکنگ و فائنانس)، تمام ڈپٹی رجسٹراروں، کوآپریٹو بینکوں کے منیجنگ ڈائریکٹروں وچیف ایگزیکٹیو اَفسران اور اِنتظامی محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ رجسٹرار کوآپریٹیو سوسائٹیز جموں و کشمیر نے محکمہ کے اہم اقدامات کی طبعی و مالی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی جن میں پرائمری ایگری کلچرل کریڈٹ سوسائٹیز (پی اے سی ایس) کی کمپیوٹرائزیشن، کاروباری تنوع، نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس، اَی ۔گورننس اَقدامات، اناج ذخیرہ کرنے کا بنیادی ڈھانچے اورکیپکس اخراجات شامل تھے۔پی اے سی ایس کمپیوٹرائزیشن کا جائزہ لیتے ہوئے میٹنگ کو بتایا گیا کہ مرحلہ اوّل کے تحت 537 پی اے سی ایس کمپیوٹرائز کئے جا چکے ہیں اور اِی۔پی اے سی ایس پلیٹ فارم پر کام کر رہے ہیںجبکہ مرحلہ دوم کے تحت 171 مزید پی اے سی ایس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دوسرے مرحلے کی تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کی گئی ہے اور مطلوبہ فنڈ کی درخواست جمع کردی گئی ہے۔کمشنر سیکرٹری نے آر سی ایس کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مرحلہ اوّل کے تمام پی اے سی ایس اِی۔پی اے سی ایس پلیٹ فارم کے ذریعے مکمل ڈیجیٹل لین دین کریں، ان کی کارکردگی کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور تکنیکی مسائل بروقت حل کئے جائیں۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ ہارڈ ویئر کی خریداری میں تیزی لائیں اور مرحلہ دوم کی کمپیوٹرائزیشن مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔کاروباری تنوع کا جائزہ لیتے ہوئے یشاگل کوجانکاری دی گئی کہ 535 پی اے سی ایس کامن سروس سینٹروں کے طور پر کام کر رہے ہیں، 174 کو پردھان منتری کسان سمردھی کیندروں (پی ایم کے ایس کے )میں تبدیل کیا گیا ہے، 307 پی اے سی ایس کے پاس کھاد کے لائسنس ہیںجبکہ 45 پی اے سی ایس پردھان منتری جن اوشدھی کیندروں (پی ایم جے اے کے )کے طور پر کام کر رہے ہیںجبکہ یونین ٹیریٹری کی سطح پر ان کا ہدف 100 مراکز کا ہے۔کمشنر سیکرٹری نے پی اے سی ایس کو مالی طور پر مستحکم کثیر مقصدی ( پی اے سی ایس ۔ ایم )پی اے سی ایس میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اِداروں کو روایتی قرضہ جاتی سرگرمیوں سے آگے بڑھ کر دیہی خدمات کی فراہمی کے فعال مراکز بننا ہوگا۔ اُنہوں نے تمام ڈپٹی رجسٹراروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع وار ایکشن پلان تیار کریں اور پردھان منتری کسان سمردھی کیندروں(پی ایم کے ایس کے )اور ردھان منتری جن اوشدھی کیندروں (پی ایم جے اے کے )کے قیام کے زیرِ اِلتوأ اہداف دو ماہ کے اندر حاصل کریں۔ اُنہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ مرکزی معاونت والی سکیموں( سی ایس سی ) ، پی ایم کے ایس کے اور پی ایم جے اے کے کے اپنی خدمات اور تجارتی سرگرمیوں کو وسعت دیں تاکہ دیرپا آمدنی پیدا ہو اور ان کی مالی استحکام میں بہتری آئے۔’دنیا کے سب سے بڑے اناج ذخیرہ کرنے کے منصوبے‘ کے تحت منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ ایس اے ایس سی آئی کے تحت دو گودام جن میں سے ہر ایک کی گنجائش 2,500 میٹرک ٹن ہے، زیر تعمیر ہیں: ترکپورہ، ہندوارہ، کپواڑہ میں 500 لاکھ روپے کی لاگت سے جس پر 70 فیصد طبعی کام مکمل ہو چکا ہے اور میرہامہ، کولگام میں 563 لاکھ روپے کی لاگت سے جس پر 65 فیصد کام ہو چکا ہے۔ راج باغ، کٹھوعہ میں این بی سی سی کے ذریعے تعمیر کئے جا رہے 1,000 میٹرک ٹن کے پائلٹ اناج ذخیرہ منصوبے پر 80 فیصد طبعی کام مکمل ہو چکا ہے۔ راجوری اور ریاسی اضلاع میںایف سی آئی کی جانب سے تجویز کردہ نئی جگہوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یشامدگل نے دیہی سپلائی چینز کو مضبوط بنانے اور فصل کی کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں اناج ذخیرہ کرنے کے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائیں، باقاعدہ معائینے کریں اورعمل درآمد میں حائل رُکاوٹوں کو دورکریں۔ اُنہوں نے واضح طور پر ہدایت دی کہ تمام جاری منصوبے مارچ 2027 کے آخرتک مکمل ہونے چاہئیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ معیار کے مقررہ اصولوں کی پاسداری کی جائے اور فنڈز کا بروقت استعمال ہو۔ کمشنر سیکرٹر ی نے نیشنل کوآپریٹیوڈیٹا بیس (این سی ڈی) کا بھی جائزہ لیاجس میں 8,455 سوسائٹیوں پر مشتمل 95 فیصد کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی ان کی فعال حیثیت کی دوبارہ تصدیق کی گئی ہے جبکہ 821 سوسائٹیوں کو جیو ٹیگ کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دِی کہ وہ باقی ماندہ تصدیق اور جیو ٹیگنگ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں اور مؤثر منصوبہ بندی اور نگرانی کے لئے ڈیٹا بیس کی درستگی اور باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کو یقینی بنائیں۔رجسٹرار کوآپریٹیوسوسائٹیز آفس کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے میٹنگ کو بتایا گیا کہ ہارڈ ویئر کا حصہ مکمل ہو چکا ہے اور این آئی سی ایس آئی کے ذریعے حتمی شکل دینے والی ایجنسی نے ای۔آر سی ایس پورٹل کی تیاری شروع کر دی ہے۔
کمشنر سیکرٹری نے آر سی ایس اور عمل آوری ایجنسی کو ہدایت دی کہ اس کی تیاری میں تیزی لائیں، عمل آوری کے واضح سنگ میل قائم کریں اور شفافیت، کارکردگی اور محکمانہ خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے اس کے بروقت آپریشنلائزیشن کو یقینی بنائیں۔یشامدگل نے کیپکس بجٹ 2026-27 کا بھی جائزہ لیا اور محکمے کے کاموں کی طبعی و مالی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زیرِ اِلتوأ اِنتظامی منظوریوں، ٹینڈرنگ اور دیگر طریقۂ کار کی کارروائیوں میں تیزی لائیں، سست رفتار کاموں کی نشاندہی کریں اور موجودہ مالی برس کے اندر مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لئے فوری اصلاحی اقدامات کریں۔ اُنہوں نے مختص فنڈز کے بہترین استعمال پر زور دیا اور واضح کیا کہ عمل درآمد میں قابلِ اجتناب تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی۔میٹنگ میںکوآپریٹیوبینکوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیاجس میں قرضوں کی بہتر وصولی، محتاط مالی انتظام، بہتر کریڈٹ ڈیلیوری او ربینکنگ خدمات کی توسیع بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں ان کی مالی صحت کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اُنہوں نے منیجنگ ڈائریکٹروںوچیف ایگزیکٹیو اَفسروں کو آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانے اور اِدارہ جاتی نگرانی کے طریقۂ کار کو مضبوط بنانے کی ہدایت دِی۔اُنہوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ ان کوششوںسے کسانوں، کوآپریٹیو اراکین اور دیہی کمیونٹی کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لئے اِدارہ جاتی کارکردگی، ڈیجیٹل گورننس، دیہی بنیادی ڈھانچے، مالی شمولیت اور خدمات کی فراہمی میں واضح بہتری لانی چاہیے۔










