پہلگام منفی 3.8 ڈگری کے ساتھ وادی کا سرد ترین مقام، شوپیان میں منفی 3.6 ڈگری سیلشس ریکارڈ
سرینگر / این این بی // دن بھر کھلی دھوپ او ر رات بھر آسمان صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میںشبانہ سردیو ں میں کافی اضافہ درج ہو گیا جس دوران منفی 0.1 ڈگری سیلشس کے ساتھ سرینگر میں رواں موسم کی سرد ترین رات گزری جبکہ پہلگام منفی 3.8 ڈگری سیلشس کے ساتھ وادی کشمیر کا سرد ترین مقام رہا۔ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک خشک موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ شبانہ درجہ حرارت میںمزید کمی آنے کا امکان ہے ۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وادی کشمیر میں شبانہ سردیوں کا راج برقرا ر ہے ۔ دن بھر کھلی دھوپ نکلنے کے باعث راتوں کی سردیاں کافی بڑھ چکی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔ سرینگر میں رواں موسم کی پہلی بار کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.1 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پہلگام منفی 3.8 ڈگری سیلشس کے ساتھ وادی کشمیر کا سرد ترین مقام رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت موسمی اوسط سے 0.8 ڈگری سیلشس کم ریکارڈ ہوا، جس کے بعد شہر میں سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے سرینگر مرکز اور انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مشہور سیاحتی گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.4 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح قاضی گنڈ اور کونبل میں منفی 1.0 ڈگری سیلشس ، کپواڑہ میں منفی 0.9 ڈگری سیلشس ریکارڈ ہوا۔وادی کے مختلف علاقوں میں قائم خودکار موسمی مراکز سے موصولہ اعداد و شمار بھی شدید سردی کی عکاسی کرتے ہیں۔ شوپیان میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلشس ریکارڈ ہوا، جبکہ پلوامہ میں منفی 2.3 اور سونمرگ میں منفی 1.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح بڈگام میں منفی 1.3 ڈگری، اننت ناگ میں منفی 0.9 ڈگری، اونتی پورہ میں منفی 0.8 ڈگری، گاندربل میں 0.1 ڈگری، بانڈی پورہ میں 0.3 ڈگری اور بارہمولہ میں 0.6 ڈگری سیلسیس کم سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ادھر جموں خطے میں بھدرواہ سب سے سرد مقام رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.9 ڈگری کم تھا۔ جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.0 ڈگری ریکارڈ ہوا، جو معمول سے ایک ڈگری کم ہے جبکہ کٹرا میں کم سے کم درجہ حرارت 10.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے باعث سردی کی لہر مزید شدت اختیار کر رہی ہے، جبکہ آنے والے دنوں میں بھی سرد موسم کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وادی کشمیر میں اگلے کچھ دنوں تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔










