واقعے کی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے کی بھی شناخت ہوگی/حکام
سرینگر / این این بی // سرینگر کے برن ہال اسکول کے امتحانی مراکز میں موبائل فون کے غیر قانونی استعما ل اور ویڈیو گرافی کے بعد جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے تین دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے سرینگر کے سونہ وار علاقے میں واقع برن ہال اسکول کے دو امتحانی مراکز میں مبینہ طور پر موبائل فون کے استعمال اور امتحانات میں ناجائز ذرائع اختیار کیے جانے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک حکم نامے کے مطابق یہ معاملہ برن ہال اسکول، سونہ وار، سری نگر میں قائم امتحانی مراکز سے متعلق ہے، جہاں 16نومبر کو ہائر سیکنڈری پارٹ-I (کلاس 11ویں) کے سالانہ امتحانات 2026 کے دوران مبینہ طور پر موبائل فون کے استعمال کی اطلاع سامنے آئی۔مذکورہ امتحان میں جغرافیہ، نفسیات، موسیقی، فلسفہ، تعلیم اور بزنس اسٹڈیز جیسے مضامین شامل تھے۔بورڈ نے معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کی سربراہی چیف ایجوکیشن آفیسر، سرینگر کریں گے۔ کمیٹی میں پرنسپل گورئمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول امیرا کدل، سری نگر، اسسٹنٹ سیکریٹری امتحانات-I، کشمیر ڈویژن ، اور اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹرونگ روم، کشمیر ڈویژن شامل ہیں۔بورڈ کے حکم نامے میں کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پورے واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرے اور یہ معلوم کرے کہ امتحانی مرکز میں مبینہ طور پر پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو کس شخص یا افراد نے بنائی۔اس کے علاوہ کمیٹی کو یہ بھی معلوم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کس نے اپ لوڈ کیا اور اس سلسلے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے۔بورڈ نے کمیٹی کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کا تعین کرے کہ امتحانی مرکز میں تعینات عملے کی نگرانی کے باوجود یہ واقعہ کس طرح پیش آیا اور امتحانی پروٹوکول اور بورڈ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر ہدایات کی مبینہ خلاف ورزی کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔بورڈ نے کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ معاملے کے تمام پہلوو ¿ں کا جائزہ لے کر ذمہ داری کا تعین کرے اور اپنی تفصیلی رپورٹ تین دن کے اندرمتعلقہ دفتر میں پیش کرے۔










