وزیر نے عوامی شکایات کے اَزالے کی یقینی دہانی کی
جموں//وزیر برائے ریونیو، ریلیف و رِی ہیلبٹیشن ،پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات علی محمد ساگر نے عوامی مسائل کو براہِ راست رابطے اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے ذریعے حل کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آج جموںوکشمیر مائیگرنٹس کے ایک وفد سمیت جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں اور معاشرے کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والے متعدد دیگر وفود سے ملاقات کی۔دورانِ ملاقات وفود نے وزیرموصوف کو عوامی بہبود، اِنتظامی مشکلات، ترقیاتی ضروریات اور دیگر ایسے مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کے لئے حکومتی مداخلت درکار ہے۔ جموںوکشمیرمائیگرنٹس کے وفد نے خصوصی طور پر مائیگرنٹ کنبوں کی فلاح و بہبود، بازآبادکاری اور سماجی و اِقتصادی مسائل کو اُجاگر کیا۔مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدددیگر وفود نے بھی وزیر علی محمد ساگر سے ملاقات کی اور اَپنے اپنے علاقوں سے متعلق مسائل پیش کرتے ہوئے ان کے جلد حل کے لئے وزیر کی مداخلت کی درخواست کی۔وزیر موصوف نے وفود وفود کے نمائندوں کی بات بغور سنا اورانہیں یقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبات اور شکایات کو مناسب اور بروقت کارروائی کے لئے متعلقہ محکموں اور حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔اُنہوںنے اِس بات پر زور دیا کہ شہریوں کو اپنے مسائل اور شکایات حکام تک پہنچانے کے لئے آسان اور قابلِ رسائی پلیٹ فارم فراہم کرنا ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا مؤثر اَزالہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔علی محمد ساگر نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطے سے حکومت زمینی حقائق کوبہتر طور پر سمجھنے اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر مقررہ وقت کے اندر حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔اُنہوں نے شفاف، جوابدہ اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی جائز شکایات کے ازالے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔










