وزیر نے والدین کو غیر ضروری مالی بوجھ سے بچانے کیلئے درسی کتب ، یونیفارم اور دیگر تعلیمی مواد پر سخت ضوابط عائد کرنے کی ہدایت دی
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ( آر ٹی ای ) ایکٹ کی دفعہ 12(1)(C) کے تحت پرائیویٹ اسکولوں میں داخلے کی سطح پر 25 فیصد نشستیں اقتصادی طور پر کمزور طبقات ( ای ڈبلیو ایس ) اور پسماندہ گروہوں کے بچوں کیلئے مخصوص کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے ۔ اس اہم اقدام کا مقصد جامع تعلیم کو فروغ دینا ، معیاری تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانا اور کم مراعات یافتہ پس منظر کے بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے ۔ ان باتوں کا اظہار وزیر تعلیم و جل شکتی محترمہ شمیم فردوس نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران ، پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشنز کے نمائندوں ، والدین کی ایسدوسی ایشنز اور سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ تفصیلی جائیزہ اجلاس کے دوران کیا ۔ وزیر نے اجلاس میں بتایا کہ سیکشن 12(1)(C) کے نفاذ سے متعلق قواعد نوٹیفکیشن کے آخری مراحل میں ہیں اور جلد نوٹیفائی کر دئیے جائیں گے ۔ اس شق کے تحت پرائیویٹ اسکولوں میں مقررہ انٹری لیول سیٹوں کا 25 فیصد حصہ معاشی طور پر کمزور طبقات ( ای ڈبلیو ایس ) اور پسماندہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے اہل بچوں کیلئے محفوظ رکھا جائے گا ۔ حکومت ان کے مفت اور لازمی تعلیم پر ہونے والے قابل قبول اخراجات کی ادائیگی متعلقہ قواعد و طریقہ کار کے مطابق اسکولوں کو کرے گی ۔ یہ اقدام تعلیم میں سماجی شمولیت کو مضبوط کرنے اور معاشی طور پر کمزور و پسماندہ پس منظر والے بچوں کو موجودہ سرکاری تعلیمی نظام کے ساتھ سداتھ پرائیویٹ اسکولوں میں تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔ اجلاس میں کمشنر سیکرٹری اسکول ایجوکیشن ، چئیر مین جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن ( جے کے بی او ایس ای ) ، ڈائریکٹر اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ ( ایس سی ای آر ٹی ) ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں ، ڈائریکٹر سماگرہ شکشا اور ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر کے علاوہ دیگر افسران اور اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ جموں و کشمیر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تعلیمی نظام طلباء کیلئے بہتر تعلیمی نتائج اور ہمہ جہت ترقی فراہم کرنے کی طرف آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا چاہئیے تا کہ معیاری تعلیم کو یقینی بنایا جا سکے ، والدین کے مفادات کا تحفظ ہو اور ایسا تعلیمی ماحول پیدا کیا جائے جو بچوں میں تجسس ، تخلیقی صلاحیت اور آزادانہ سوچ کی حوصلہ افزائی کرے ۔ نجی اسکولوں کی جانب سے تجویز کردہ درسی کتابوں کے مسئلے پر تفصیل سے بات چیت ہوئی ۔ مذاکرات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ جے کے بی او ایس ای سے وابستہ نجی اسکول جے کے بی او ایس ای کے نصاب کی پیروی کریں گے اور این سی ای آر ٹی کے نصاب کے مطابق مواد پر مشتمل جے کے بی او ایس ای کی درسی کتابیں تجویز کریں گے ۔ اسکولوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تجویز کردہ کتابیں قابلِ اطلاق تعلیمی فریم ورک کے مطابق ہوں ۔ وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء پر غیر ضروری اضافی یا ضمنی کتابوں کا بوجھ نہ ڈالا جائے ۔ محترمہ شمیم فردوس نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم والدین پر حد سے زیادہ مالی بوجھ نی بنے یا طلباء کو غیر ضروری تعلیمی دباؤ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس کے مطابق نجی اسکولوں کو اضافی کتابیں اور سیکھنے کا مواد تجویز کرتے وقت انتہائی احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ۔ جہاں اضافی تعلیمی وسائل ضروری سمجھیں جائیں وہاں اسکول والدین کو متعدد اضافی کتابیں خریدنے پر مجبور کرنے کے بجائے لائیبریریوں ، بک بینکس ، ای بکس اور دیگر ڈیجیٹل تعلیمی وسائل کے ذریعے رسائی فراہم کر سکتے ہیں ۔ وزیر نے کتابوں کو مہنگی قیمتوں پر فروخت کے الزامات سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے زور دیا کہ ایسے خدشات کو سنجیدگی سے نمٹا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کتابوں کی غیر ضروری اور زیادہ نسخہ تجویز برداشت نہیں کی جائے گی اور توجہ بامعنی تعلیم اور طلباء کی مجموعی ترقی پر مرکوز رہنی چاہئیے ۔ اجلاس میں اسکول کی یونیفارم ، نوٹ بکس ، تحریری مواد اور دیگر تعلیمی سامان سے متعلق مسائل پر بھی غور کیا گیا ۔ محترمہ شمیم فردوس نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی خریداری کو مخصوص دکانداروں یا اسکول کی حدود میں موجود دکانوں تک محدود نہیں کیا جانا چاہئیے ۔ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر نے زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو نصابی کتب اور اضافی مواد پر غیر ضروری توجہ دینے کے بجائے طلباء کی تعلیمی پیش رفت ، تخلیقی صلاحیتوں ، تنقیدی سوچ اور ہمہ جہت نشو و نما کو ترجیح دینی چاہئیے ۔










