میڈیا برادری 2047 تک ملک کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے بھرپور تعاون فراہم کرے/ وزیر اعظم مودی
سرینگر / این این بی // ملک کی جمہوریت کو متحرک، مضبوط اور مستحکم رکھنے میں میڈیا کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ملک میں مختلف نظریات، آرائ اور نقطہ ہائے نظر کا اظہار جمہوری نظام کی خوبصورتی ہے اور اس تنوع کو برقرار رکھنے میں بھارتی میڈیا ایک اہم ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مرکزی دفتر میں منعقدہ دیوالی ملن تقریب کے دوران صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے صحافی برادری کو دیوالی کی مبارک باد پیش کی اور میڈیا کے ساتھ اپنے کئی دہائیوں پر محیط تعلقات، ماضی کی یادوں اور صحافت کے شعبے میں آنے والی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے میڈیا کو پریس ریلیز کے دور سے لے کر انسٹاگرام ریلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز تک ترقی کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ انہوں نے یاد کیا کہ 1990 کی دہائی کے اوائل میں جب انہیں پارٹی کی دو بڑی یاتراو ¿ں کے دوران ملک بھر میں میڈیا کے انتظامات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، اس وقت پریس ریلیز بھیجنے کے لیے فیکس مشین تلاش کرنا پڑتی تھی۔انہوں نے کہا کہ ا ±س زمانے میں پارٹی کا دفتر اشوکا روڈ پر واقع تھا اور دیوالی کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ ایسی تقریبات منعقد ہوتی تھیں۔ ان تقریبات میں ان کی ذمہ داری صحافیوں کے لیے کرسیاں لگانے اور ان کا استقبال کرنے تک محدود ہوتی تھی۔ مودی نے کہا کہ ا ±س وقت میڈیا میں کیمرے کم تھے، لیکن صحافیوں اور سیاسی کارکنوں کے درمیان تعلقات میں وہی گرمجوشی اور خلوص موجود تھا جو آج بھی محسوس کیا جاتا ہے۔وزیر اعظم نے ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2001 میں جب انہیں گجرات کا وزیر اعلیٰ بنایا جانے والا تھا، اس وقت پارٹی کے بہت کم سرکردہ رہنماو ¿ں کو اس فیصلے کا علم تھا، تاہم صحافیوں کے ایک گروپ کو اس کی خبر پہلے ہی مل گئی تھی۔انہوں نے مسکراتے ہوئے یاد کیا کہ ایک دن خواتین صحافیوں کا ایک گروپ ان کے کمرے میں داخل ہوا اور ان سے مٹھائی کھلانے کا مطالبہ کرنے لگا۔ مودی کے مطابق، صحافیوں نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گجرات کے وزیر اعلیٰ بننے جا رہے ہیں، لہٰذا انہیں مٹھائی کھلانی چاہیے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ جب انہوں نے اس خبر سے لاعلمی کا اظہار کیا تو صحافیوں نے جواب دیا کہ انہیں سب کچھ معلوم ہے اور وہ حقیقت چھپا رہے ہیں۔ مودی نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی فراہم کردہ معلومات درست ثابت ہوئیں، حالانکہ اس وقت اس فیصلے کے بارے میں بہت کم لوگوں کو علم تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ 2001 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے ان کی حلف برداری کی تقریب میں کئی صحافی اپنے خرچ پر اور ذاتی انتظامات کے تحت شریک ہوئے تھے۔ وہ محض رپورٹنگ کے لیے نہیں بلکہ محبت اور خلوص کے جذبے کے تحت وہاں پہنچے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وقت کے ساتھ ٹیکنالوجی نے میڈیا کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ پہلے بڑی بڑی او بی وینز (OB Vans) کے انتظامات کرنا ایک بڑا چیلنج ہوتا تھا، لیکن آج ایک موبائل فون ہی او بی وین کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اب ہر شخص کے پاس اپنا پلیٹ فارم، اپنا چینل اور اپنا پوڈکاسٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی میڈیا اداروں کے لیے بعض کام آسان ہوئے ہیں، لیکن اس کے ساتھ نئے چیلنجز بھی سامنے آئے ہیں۔ پہلے کرکٹ کے حوالے سے ہر گلی محلے میں ماہرین مل جاتے تھے جو سچن ٹنڈولکر کے کھیل پر اپنی رائے دیتے تھے، لیکن اب ہر خبر پر تبصرہ کرنے والے ماہرین ہر جگہ دستیاب ہیں۔مودی نے کہا کہ ملک میں مختلف آراءاور نظریات کا سامنے آنا جمہوریت کی مضبوطی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے لوگ ہیں، اتنی ہی آرائ اور نقطہ ہائے نظر بھی موجود ہیں، اور یہی تنوع ہندوستانی جمہوریت کو متحرک اور زندہ رکھتا ہے۔ اس پورے عمل میں بھارتی میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔وزیر اعظم نے فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں کی پیشہ ورانہ لگن اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی ایسے حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں جب عام لوگ اپنی جان بچانے کے لیے متاثرہ مقامات سے دور چلے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی حادثہ پیش آئے، زلزلہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں، ایسے مشکل حالات میں فیلڈ رپورٹر اپنی جان کی پروا کیے بغیر جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔ وہ اپنے اہلِ خانہ کی فکرمندی اور ذاتی مشکلات کو پس پشت ڈال کر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔مودی نے کہا کہ صحافیوں کی یہ لگن اور قربانی قابلِ ستائش ہے اور وہ ہمیشہ صحافی برادری کی اس محنت کے معترف رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ صحافیوں کی پوری زندگی ڈیڈ لائنز کے گرد گھومتی ہے اور وہ وقت کی پابندی کے ساتھ خبریں عوام تک پہنچانے کے لیے مسلسل محنت کرتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا برادری سے اپیل کی کہ وہ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے حکومتی ہدف کے حصول میں بھی اپنا بھرپور تعاون فراہم کرے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی، عوامی شعور کی بیداری اور قومی ترقی کے سفر میں میڈیا کی ذمہ داریاں انتہائی اہم ہیں۔تقریب کے دوران وزیر اعظم نے میڈیا کی نئی نسل سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ اگرچہ میڈیا میں کئی نئے چہرے سامنے آئے ہیں، تاہم صحافی برادری کے ساتھ ان کے تعلقات طویل عرصے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔










