نذیر گریزی کی صدارت میں ایسٹمیٹس کمیٹی میٹنگ منعقد

نذیر گریزی کی صدارت میں ایسٹمیٹس کمیٹی میٹنگ منعقد

محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کا م کاج کا جائز ہ لیا، صحت کی بہتر سہولیات ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور اَفرادی قوت کے اِنتظام کو بہتر بنانے پر زوردِیا

جموں// جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ’ ایسٹمیٹس کمیٹی میٹنگ نذیر احمد خان گریزی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں جموں و کشمیر میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں بالخصوص بجٹ تخمینوں، مالیاتی اِنتظام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اورآپریشنل کارکردگی پر توجہ مرکوز کی گئی۔میٹنگ میں کمیٹی کے اراکین شیام لال شرما، بلونت سنگھ منکوٹیہ، علی محمد ڈار، مشتاق گورو، اِرشاد رسول کار، سجاد شاہین اور سنیل بھردواج نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر سیکرٹری محکمہ صحت و طبی تعلیم سوگت بسواس، ڈائریکٹر سکمز، منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن، مختلف گورنمنٹ میڈیکل کالجوں کے پرنسپل، سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا، ڈائریکٹر جنرل بجٹ، ڈائریکٹرز ہیلتھ سروسز جموں و کشمیر کے علاوہ متعلقہ محکمہ اور قانون ساز اسمبلی کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔میٹنگ کے شروعات میں چیئرمین نے گزشتہ میٹنگ کے دوران اُٹھائے گئے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ کی جانب سے پیش کردہ’ ایکشن ٹیکن رپورٹ ‘کی موجودہ صورتحال کا جائز ہ لیا۔ اُنہوں نے سابقہ سفارشات پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور کمیٹی اراکین کی جانب سے اُجاگرکئے گئے خدشات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقعہ پر اُنہوں نے صحت سہولیات کی فراہمی میں موجود خامیوں کو دُور کرنے کے لئے بروقت اِصلاحی اَقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ حکومت کی مختلف صحت عامہ کی سکیموں کے فوائد نچلی سطح تک لوگوں تک پہنچ سکیں۔کمیٹی نے جموں و کشمیر میں مجموعی صحت کے منظرنامے کا تفصیلی جائزہ لیاجس میں شہری، دیہی اور دور دراز علاقوں میں صحت کے اِداروں کی کارکردگی، طبی سہولیات کی دستیابی، اَفرادی قوت کی صورتحال، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور مریضوں کو علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی شامل تھی۔کمیٹی نے غور و خوض کے دوران ہیومن ریسورس مینجمنٹ سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیاجن میں گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ ملازمین کی منظور شدہ اَسامیوں اور دستیاب عملے کی تعداد،آپریشنل ضروریات، خالی اَسامیوں کو پُرکرنے کا طریقۂ کار اور اَفرادی قوت کی بہترین تعیناتی شامل تھی، بالخصوص دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں عملے کی مناسب دستیابی پر خصوصی توجہ دی گئی۔کمیٹی نے جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں، صحت اِداروں کی دیکھ ریکھ اور مرمت، طبی مشینری اور آلات کی دستیابی و فعالیت، فنڈز کے اِستعمال، ہسپتالوں کی ترقیاتی سرگرمیوں، ہیٹنگ اِنتظامات، اَدویات کی نگرانی کے لئے چلائی جانے والی مہمات اور ایمبولینس خدمات کے مؤثر اِستعمال کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔چیئرمین نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ میٹنگ کے دوران اُجاگر کئے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ان کے جلد از جلد ازالے کے لئے ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں تاکہ عام لوگوں کو قابل رسائی، سستی اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔نذیر احمد گریزی نے دُور دراز، پسماندہ اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں صحت خدمات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں اور دیگر طبی اِداروں کو ضروری اَدویات، تشخیصی سہولیات، جدید طبی آلات اور اہل طبی عملے کی موجودگی لازمی ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بنیادی طبی علاج کے لئے طویل فاصلے طے کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔اُنہوں نے بالخصوص محکمہ کو ہدایت دی کہ یونین ٹیریٹری کے برفباری سے متاثرہ اور دُور دراز علاقوں میں ٹیلی میڈیسن خدمات شروع کرنے کے عمل میں تیزی لائی جائے تاکہ لوگوں کو بروقت طبی مشاورت فراہم ہو اور ماہر ڈاکٹروں کی طبی خدمات تک ان کی رَسائی بہتر بنائی جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ صحت عامہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے اور دستیاب افرادی قوت کے بہترین استعمال اور اس کی معقول تعیناتی پر زور دیا بالخصوص ان علاقوں میں جہاں طبی عملے کی کمی ہے۔ اُنہوں نے طبی عملے کے لئے بائیومیٹرک حاضری کے نظام کی مؤثر عمل آوری اور تمام سطحوں پر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیاتاکہ جوابدہی، وقت کی پابندی اور صحت کی خدمات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ صحت خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر کے ہر شہری تک معیاری طبی سہولیات کی رسائی یقینی بنانے کے لئے باقاعدہ نگرانی، مربوط کوششیں اور محکمانہ اَقدامات کامؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔