اعلیٰ سطی ٹاسک فورس برائے امتحانی اصلاحات کے اراکین کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی
جموں//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر میں امتحانی نظام میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کو محفوظ ، شفاف ، ٹیکنالوجی پر مبنی اور انسانی حد تک ممکنہ طور پر فول پروف بنایا جائے تا کہ طلباء کے مستقبل کا تحفظ ہو اور میرٹ ہی انتخابات کا واحد معیار رہے ۔ سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس ( ایچ پی ٹی ایف ) برائے امتحانی اصلاحات کے اراکین کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے امتحانی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے ، بتدریج کمپیوٹر پر مبنی ٹیسٹنگ کی طرف منتقلی ، بورڈ امتحانات کی ساکھ بہتر بنانے اور انتخابی عمل کے موضوعی حصے سے متعلق خدشات دور کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مضبوط امتحانی اصلاحات کی ضرورت خاص طور پر نیٹ یو جی 2026 کی منسوخی اور اس کے بعد ہونے والے دوبارہ امتحان کے بعد سامنے آئی جس سے ملک بھر کے لاکھوں امیدواروں کو کافی تکلیف اور اضافہ تناؤ کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ روائتی غیر مرکزی نظام کے تحت امتحانی بے ضابطگیاں عموماً مخصوص علاقوں تک محدود رہتی تھیں ، لیکن مرکزی امتحانات کی طرف منتقلی نے ان کے اثرات کو نمایاں طور پر وسیع کر دیا ہے ، جہاں پیپر لیک ممکنہ طور پر پورے ملک کے امیدواروں کو متاثر کر سکتا ہے ۔ امتحانی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت ٹاسک فورس کو اس کے مینڈیٹ کو پورا کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی کیونکہ امتحانات کی ساکھ کا نوجوانوں کے مستقبل سے براہ راست تعلق ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کمپیوٹر پر مبنی امتحانات کی طرف بتدریج منتقلی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ اس طرح کے نظام کو وسیع پیمانے پر متعارف کرانے سے پہلے طلباء کو ٹیکنالوجی سے مناسب طور پر آشنا کرنا ضروری ہے ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے مقابلہ جاتی اور داخلہ امتحانات کے انتخابی فریم ورک میں اسکول بورڈ کے امتحانی نتائج کو شامل کرنے کے امکان پر غور کرنے کی بھی وکالت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا طریقہ کار ایک ہی داخلہ امتحان پر حد سے زیادہ انحصار کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے جبکہ باقاعدہ اسکول تعلیم اور بورڈ امتحانات کی اہمیت کو بھی بحال کر سکتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے زوردیا کہ طلبہ کیلئے مختلف تعلیمی بورڈز ، بشمول جے کے بی او ایس ای ، سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای کے درمیان برابری کے میدان کو یقینی بنانے کیلئے ایک مناسب میکانزم تیار کرنا ہو گا تا کہ کسی خاص بورڈ کے امیدواروں کو نقصان نہ پہنچے ۔ وزیر اعلیٰ نے بھرتی اور داخلہ کے عمل کے انٹر ویو اور ویوا ووس اجزاء میں شفافیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ زبانی امتحانات کی موضوعی نوعیت اور نمبروں میں ہیرا پھیری کے امکان کے بارے میں امیدوار اکثر تشویش کا اظہار کرتے ہیں ، انہوں نے تجویز دی کہ ٹاسک فورس اس جزو کو زیادہ معروضی ، شفاف اور جوابدہ بنانے کیلئے اقدامات پر غور کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام امتحانی اصلاحات کا حتمی مقصد ایک حقیقی میرٹ پر مبنی نظام قائم کرنا ہونا چاہئیے جس میں سب سے زیادہ اہل امیدوار اپنی کارکردگی اور صلاحیت کی بنیاد پر مواقع حاصل کریں ۔ آغاز میں کمشنر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ رام نواس شرما نے جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے شروع کی گئی امتحانی اصلاحات کے اقدامات اور جموں و کشمیر میں قومی سطح کے امتحانات کے انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات پر تفصیلی پرذنٹیشن پیش کی ۔ اجلاس میں جموں و کشمیر انتظامیہ کی جانب سے نیٹ ۔ یو جی 2026 کے انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائیزہ لیا گیا جس میں سویلین اور پولیس حکام کے درمیان ہم آہنگی ، امتحانی مراکز کی تیاری ، سوال ناموں کی سیکیورٹی ، نوڈل افسران کی تعیناتی اور مرکز ، ڈویژن اور ضلع کی سطح پر کمیٹیوں کے قیام شامل ہیں ۔ اس اجلاس میں سوالناموں کی نقل و حمل اور تحویل کیلئے کئے گئے سیکیوری انتظامات کا بھی جائیزہ لیا گیا جن میں نامزد بینکوں سے پولیس کے ساتھ محفوظ نقل و حمل ،سی سی ٹی وی کی نگرانی والے مضبوط کمرے ، چوبیس گھنٹے سیکیورٹی ، مقررہ تلاشی کے طریقہ کار اور امتحانی مراکز کی نگرانی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ اراکین نے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن ( جے کے پی ایس سی ) ، جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ ( جے کے ایس ایس بی ) یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کی جانب سے کی جانے والی امتحانی اصلاحات پر بھی غور کیا ۔ شریک وزراء اور دیگر افسران نے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں جن میں ادارہ جاتی تحفظات کو مضبوط بنانے ، ٹیکنالوجی کے استعمال ، امتحانی بدعنوانیوں کے خاتمے اور امیدواروں کیلئے غیر ضروری تناؤ کو کم کرنے پر خاص زور دیا گیا ۔ اجلاس میں صحت اور طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو ، تعلیم اور اعلیٰ تعلیم کی وزیر شمیم فردوس ، قائمقام چیف سیکرٹری شلیندر کمار ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آرمڈ ، جنرل ایڈمنسٹریشن ، صحت اور طبی تعلیم کے محکموں کے انتظامی سیکریٹریز ، چئیر مین جے کے ایس ایس بی اور ہائی پاور ٹاسک فورس کے اراکین نے شرکت کی ۔ دورے پر آنے والے اراکین کے ساتھ ڈائریکٹر نیشنل ریکروٹمنٹ ایجنسی اور ٹاسک فورس سیکریٹریٹ کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔










