1000 کنال سرکاری اراضی متاثر، درختوں اور پودوں کو بڑے پیمانے پر نقصان
سرینگر / این این بی // خطہ چناب کے کشتواڑ میں پہاڑی علاقے میں بھیانک آتشزدگی کو 11 گھنٹے کی مسلسل کارروائی کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا جس کے نتیجے میں 1000 کنال سرکاری اراضی متاثر ہونے کے علاوہ درختوں اور پودوں کو بڑے پیمانے پر نقصان ہو گیا ۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق کے ضلع کشتواڑ کے تریگام علاقے میں پہاڑی ڈھلوان پر اچانک بھیانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، پولیس، سول انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف اور مقامی رضاکاروں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں تقریباً 11 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد منگل کی صبح آگ پر قابو پالیا گیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، تاہم آگ کے باعث درختوں، پودوں اور قدرتی نباتات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے مطابق ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع تریگام علاقے میں سوموار کی شام تقریباً 6 بجکر 54 منٹ پر پہاڑی کے دامن میں آگ نمودار ہوئی، جو خشک گھاس اور دیگر آتش گیر نباتات کے باعث تیزی سے پہاڑی کی جانب پھیلنے لگی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں قریبی دیہات پالان اور پیڈل کو بھی خطرہ لاحق ہوگیا۔فائر اسٹیشن ہیڈکوارٹر کشتواڑ کے انچارج فاروق احمد میر نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر فائر ٹینڈرز کو مختلف حساس مقامات پر تعینات کیا گیا تاکہ قریبی آبادیوں کو آگ کی زد میں آنے سے محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کی کارروائی انتہائی دشوار گزار حالات میں انجام دی گئی، کیونکہ آگ آخری موٹر ایبل سڑک سے تقریباً دو کلومیٹر آگے پہاڑی علاقے میں پھیل چکی تھی، جہاں گاڑیوں کے ذریعے پہنچنا ممکن نہیں تھا۔ ایسی صورتحال میں فائر فائٹنگ عملے نے آگ بجھانے والے خصوصی آلات اور فائر بیٹرز کی مدد سے پیدل ہی کارروائی جاری رکھی۔فاروق احمد میر کے مطابق خشک گھاس کے باعث شعلوں نے تیزی سے پھیلاو ¿ اختیار کیا، جس سے آگ پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا۔ تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں، سول انتظامیہ، پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور مقامی رضاکاروں نے پوری رات مسلسل محنت کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوششیں جاری رکھیں۔ بالآخر منگل کی صبح تقریباً 6 بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔حکام کے مطابق اس آتشزدگی کے نتیجے میں تقریباً 1000 کنال، یعنی لگ بھگ 125 ایکڑ سرکاری اراضی متاثر ہوئی ہے۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں موجود پودوں اور قدرتی نباتات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جبکہ خشک گھاس نے شعلوں کو مزید بھڑکانے میں اہم کردار ادا کیا۔آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے، تاہم ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کسی حادثاتی وجہ، ممکنہ طور پر پٹاخے یا کسی دوسرے ذریعے سے آگ لگی ہو۔ پولیس نے واقعے کے تمام پہلوو ¿ں کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے تاکہ آتشزدگی کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔










