میجر جنرل مکیش شرما نے جموں و کشمیر اور لداخ کیلئے اے ڈی جی این سی سی کا عہدہ سنبھالا

میجر جنرل مکیش شرما نے جموں و کشمیر اور لداخ کیلئے اے ڈی جی این سی سی کا عہدہ سنبھالا

دور دراز، دیہی اور سرحدی علاقوں کے تعلیمی اداروں میں این سی سی کی رسائی بڑھانے پر زور

سرینگر / / این این بی // میجر جنرل مکیش شرما نے جموں و کشمیر اور لداخ کے لیے اے ڈی جی این سی سی کا عہدہ سنبھال لیا۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق میجر جنرل مکیش شرما نے منگل کے روز مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ کے لیے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) ڈائریکٹوریٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (اے ڈی جی) کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے این سی سی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور تربیتی پروگراموں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اپنے وڑن کا اظہار کیا۔میجر جنرل مکیش شرما نے اپنے آئندہ لائحہ عمل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ این سی سی کو مزید فعال اور مو ¿ثر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو بہتر مواقع فراہم کرنا، ان میں قیادت کی صلاحیتیں پیدا کرنا اور انہیں ملک کی تعمیر و ترقی میں مو ¿ثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہوگا۔انہوں نے اپنے نظریہ کو ”تصور اور ارتقا: نوجوانوں کو بااختیار بنانا، این سی سی کو مضبوط کرنا اور قوم کی تعمیر“ کے عنوان سے پیش کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں این سی سی کی موجودگی کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، بالخصوص دور دراز، دیہی اور سرحدی علاقوں کے تعلیمی اداروں تک اس تنظیم کی رسائی بڑھانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی تاکہ ان علاقوں کے طلبہ بھی این سی سی کی سرگرمیوں اور تربیتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔میجر جنرل مکیش شرما نے نوجوان کیڈٹس کو بااختیار بنانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمل میں لڑکیوں کی شمولیت اور ان کی حوصلہ افزائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کے مطابق این سی سی کے تربیتی پروگراموں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید اور زیادہ بامقصد بنایا جائے گا تاکہ کیڈٹس کو عملی زندگی میں درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار کیا جا سکے۔انہوں نے این سی سی کے بنیادی اصولوں ”اتحاد اور نظم و ضبط“ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا مقصد ایسے پراعتماد، نظم و ضبط کے پابند اور ذمہ دار نوجوان شہری تیار کرنا ہے جن میں قیادت، خدمتِ خلق اور قومی ذمہ داری کا جذبہ موجود ہو۔میجر جنرل شرما نے واضح کیا کہ این سی سی نوجوانوں کی شخصیت سازی، قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ اور ان میں خدمتِ وطن کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ ان کی قیادت میں جموں و کشمیر اور لداخ میں این سی سی کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے اور تربیتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ان کے اس وڑن کا مقصد خطے کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو این سی سی سے منسلک کرکے انہیں ذمہ دار شہری، باصلاحیت رہنما اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔