سکینہ اِیتو نے چُو کر میں 1.88 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ’ نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر ‘کا اِفتتاح کیا اور سری ور پورہ میں ’ پرائمری ہیلتھ سینٹر‘ کا معائینہ کیا

سکینہ اِیتو نے چُو کر میں 1.88 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ’ نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر ‘کا اِفتتاح کیا اور سری ور پورہ میں ’ پرائمری ہیلتھ سینٹر‘ کا معائینہ کیا

بارہمولہ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود محکمہ جات سکینہ اِیتو نے نچلی سطح پر قابلِ رسائی اور معیاری صحت سہولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ پیر زادہ فاروق احمد شاہ کی موجودگی میں ٹنگمرگ کے علاقے چُوکر میں ’ نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر ( این ٹی پی ایچ سی )‘کا اِفتتاح کیا ۔ اِس سینٹر کی تعمیر پر 1.88 کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔ وزیر موصوفہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوامی صحت کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے میں پرائمری ہیلتھ کیئر کے سینٹروں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ اُنہو ںنے کہا کہ یہ سینٹر دیہی اور دُور دراز علاقوں میںلوگوں کے گھروں کے قریب ضروری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ نئے اِفتتاح شدہ این ٹی پی ایچ سی سے چُوکر اور ملحقہ علاقوں کے باشندوں کے لئے صحت خدمات تک رسائی میں نمایاں بہتری آئے گی اور بنیادی طبی علاج اور دیگر ضروری صحت خدمات کے لئے انہیں طویل فاصلہ طے کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔اُنہوں نے عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی کامیابیوں اور اہم اَقدامات کابھی ذِکر کیا اور جموں و کشمیر بھر میں عوامی بہبود، مساوی ترقی اور ضروری خدمات کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے، بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور مختلف شعبوں میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے عوام دوست حکمت عملی اَپنا رہی ہے جس میں صحت شعبے پر خصوصی توجہ دِی جا رہی ہے۔وزیر صحت و طبی تعلیم نے مزید کہا کہ صحت شعبے کو مضبوط بنانا حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے۔اِس سلسلے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے، طبی سہولیات بہتر بنانے اور بالخصوص پسماندہ علاقوں میں معیاری صحت خدمات کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے مرکوز کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے متعلقہ محکمہ صحت کے حکام اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ نئے اِفتتاح شدہ سینٹر کے مؤثر کام کاج، ضروری طبی خدمات کی مناسب دستیابی اور مریضوں کی بہترین نگہداشت کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ صحت اِداروں کو لوگوںکی خدمت پورے عزم، ہمدردی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کرنی چاہیے۔
رُکن قانون ساز اسمبلی گلمرگ نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور اَپنے حلقے میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کی جاری کوششوں کو سراہا اور لوگوں کے لئے ضروری خدمات کی مسلسل ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر نگہت یاسمین، چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ ڈاکٹر اے جی رینہ، بلاک میڈیکل آفیسر پٹن ڈاکٹر رومینہ مجید کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران، طبی ماہرین اور مقامی باشندے موجود تھے۔این ٹی پی ایچ سی کا اِفتتاح علاقے کے صحت کے بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم اضافہ ہے اور توقع ہے کہ اس سے چُوکر اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کے لئے ضروری طبی خدمات تک رسائی بہتر ہوگی۔وزیرصحت سکینہ اِیتو نے پٹن کے سری ورپورہ میں واقع پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) کا بھی معائینہ کیا اور وہاں دستیاب صحت سہولیات اور خدمات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے سینٹرکے کام کاج کا جائزہ لیا اور مناسب طبی سہولیات، مریضوں کی بہتر نگہداشت اور صحت خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ صحت کی خدمات کی فراہمی میں اعلیٰ معیار کو برقرار رکھیں اور مقامی آبادی کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کسی بھی قسم کی کمیوں کو دور کریں۔بعد میں اُنہوں نے ممبر اسمبلی سوپور اِرشاد رسول کار، رُکن اسمبلی پٹن جاوید ریاض اور ممبر قانون ساز اسمبلی گلمرگ فاروق احمد شاہ کے ہمراہ ڈانگر پورہ سوپور میں اس میڈیکل طالب علم کے گھر گئے جس نے بنگلہ دیش میں اَپنی جان گنوا دی تھی۔وزیرموصوفہ نے سوگوار کنبے کے ساتھ دِلی تعزیت اور گہری ہمدردی کا اِظہار کیا اور اس مشکل وقت میں حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون اور مدد کا یقین دِلایا۔