Rajnath Singh

ملک کی حفاظت اور عوامی خدمت کیلئے مسلح افواج کی قربانیاں باعث فخر

مسلح افواج مقامی لوگوں کے ساتھ جتنا زیادہ جڑیں گے، دشمن کی سازشیں اتنی ہی کمزور ہوگی / راجناتھ سنگھ

سرینگر / این این بی // مسلح افواج اور مقامی آبادی کے درمیان مضبوط اور محبت پر مبنی تعلقات نہ صرف باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہیں بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو ناکام بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں کی بات کرتے ہوئے وزیر دفا ع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی مسلح افواج دنیا بھر میں اپنے اعلیٰ نظم و ضبط کے لیے جانی جاتی ہیں۔ نیشنل نیوز بیورو ( این این بی ) کے مطابق مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے مغربی بنگال میں سلیگوڑی کے قریب باگڈوگرا ایئر فیلڈ کا دورہ کیا اور دیوالی کے موقع پر انڈین ایئر فورس کے اہلکاروں سے ملاقات کرکے انہیں تہوار کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے ایئر فورس اہلکاروں کی ہمت، عزم، نظم و ضبط اور ملک کے تئیں ان کی غیر متزلزل لگن کو سراہا اور ان پر زور دیا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مضبوط بنائیں۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ مسلح افواج اور مقامی آبادی کے درمیان مضبوط اور محبت پر مبنی تعلقات نہ صرف باہمی اعتماد کو فروغ دیتے ہیں بلکہ دشمن کے ناپاک عزائم اور سازشوں کو ناکام بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔دیوالی کے موقع پر ایئر فورس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ جس مقام پر کوئی فوجی تعینات ہوتا ہے، وہاں اس کا رویہ، وردی، زبان اور ضبط نفس مقامی لوگوں کے ذہنوں میں پوری فوج کی شبیہ تشکیل دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باگڈوگرا اور اس کے آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کے دلوں میں مسلح افواج کے لیے بے پناہ محبت اور احترام پایا جاتا ہے اور اس اعتماد کو برقرار رکھنا فوجی اہلکاروں کی اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا ”اس محبت کو برقرار رکھنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے۔ آپ مقامی لوگوں کے ساتھ جتنا زیادہ جڑیں گے، دشمن کی سازشیں اتنی ہی کمزور ہوتی جائیں گی۔“وزیر دفاع نے انڈین آرمڈ فورسز میں موجود نظم و ضبط کو ان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیار اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن اگر فوجی جوانوں میں نظم و ضبط، حوصلہ اور عزم نہ ہو تو جدید ٹیکنالوجی بھی بے کار ثابت ہوسکتی ہے۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان کی مسلح افواج دنیا بھر میں اپنے اعلیٰ نظم و ضبط کے لیے جانی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق نظم و ضبط ہی ایک عام سپاہی کو ایک غیر معمولی جنگجو میں تبدیل کرتا ہے اور یہی جذبہ فوج کو مشکل ترین حالات میں بھی کامیابی سے اپنے فرائض انجام دینے کی طاقت فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا”ٹیکنالوجی چاہے کتنی ہی جدید کیوں نہ ہو، اگر ہمارے فوجیوں میں نظم و ضبط اور ہمت کی کمی ہو تو وہ بے کار ہے۔ ہماری مسلح افواج اپنے نظم و ضبط کے لیے جانی جاتی ہیں۔ نظم و ضبط ہی ایک عام سپاہی کو ایک غیر معمولی جنگجو میں بدل دیتا ہے۔ آپ کا نظم و ضبط ہی آپ کی سب سے بڑی طاقت ہے۔“مرکزی وزیر دفاع نے مسلح افواج کے اہلکاروں کی بہادری، جرات اور ملک کے تئیں غیر متزلزل لگن کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی نہ صرف جنگ اور قومی سلامتی سے متعلق چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں بلکہ قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی حالات کے دوران بھی قوم کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کے عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے لوگ ہندوستانی ’ایئر واریرز‘ کی ہمت، بہادری اور لگن کو تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے مشکل اور نامساعد حالات میں ملک کا دفاع کرنا ہو یا قدرتی آفات کے دوران امدادی کارروائیوں میں حصہ لینا ہو، ہندوستانی فضائیہ کے اہلکار ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا”نہ صرف ہمارے ملک کے لوگ بلکہ دنیا بھر کے لوگ یہ مانتے ہیں کہ ہمارے ایئر واریرز کی ہمت، بہادری اور لگن غیر معمولی ہے۔“انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی حفاظت اور عوام کی خدمت کے لیے مسلح افواج کے اہلکاروں کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ ان کی لگن اور فرض شناسی ہی ملک کی طاقت کا ایک اہم ستون ہے۔سنگھ نے ایئر فورس اہلکاروں کو یقین دلایا کہ ملک ان کی خدمات، قربانیوں اور ذمہ داریوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے دیوالی کے موقع پر اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔