ٹرانسپورٹ ، سیکورٹی ، طبی سہولیات اور رہائش کے مربوط اِنتظامات کی ہدایت
سری نگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں دربارمؤو اِنتظامات کا جائزہ لیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ سری نگر سے جموں دفاتر کی منتقلی کو ہموار، محفوظ اور مربوط بنائیں او رساتھ ہی ملازمین کے لئے مناسب سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسٹیٹس شالین کابرا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اشونی کمار،وزیراعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اِنتظامی سیکرٹریوں، اِنسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک جموں و کشمیر، دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنروں، سری نگر اور جموں کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی جبکہ جموں میں مقیم اَفسران نے بذریعہ ویڈیوکانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ کے شروعات میں کمشنر سیکرٹری محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن ایم راجو نے دربار موئو کے لئے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک اِنتظامات پر تفصیلی پرزنٹیشن پیش کی۔وزیر اعلیٰ نے منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی اور ٹریفک محکمے کو ہدایت دی کہ وہ بسوں کی مناسب دستیابی یقینی کو یقینی بنائیں اور ملازمین و سازوسامان کی محفوظ اور مؤثر منتقلی کے لئے 31 ؍اکتوبر اور یکم ؍نومبر 2026 ء کو مسلسل دو دنوں میں قافلے کی روانگی کا اِنتظام کریں۔ اُنہوں نے ٹرانسپورٹ کے عمل کو بغیر کسی رُکاوٹ کے مکمل کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی تال میل پر زور دیا۔اُنہوں نے سیکورٹی اِنتظامات، نیشنل ہائی وے پر ٹریفک مینجمنٹ اور جموں منتقل ہونے والے ملازمین کی رہائش کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس محکمے اور دیگر ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ جامع سیکورٹی اَقدامات کئے جائیں بالخصوص ان رہائشی علاقوں میں جہاں ملازمین قیام کریں گے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ قافلے کے راستے میں طبی اِمداد دستیاب ہوگی اور کشمیر اور جموں دونوں صوبوں میں ڈاکٹر، پیرامیڈکس اور ایمبولینس تعینات کی جائیں گی۔اِس کے علاوہ ضروری خدمات، کھانے پینے، مہمان نوازی اور دیگر سہولیات کے اِنتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی کمشنر جموں کو ہدایت دِی گئی کہ وہ شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کا جائزہ لیں۔میٹنگ میں سری نگر میں سرمائی سیکرٹریٹ کے کام کاج کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیاجو عملے کی کم سے کم موجودگی کے ساتھ کام کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کو ہدایت دی کہ وہ نومبر سے شروع ہونے والے عرصے کے لئے وزرأ اور اِنتظامی سیکرٹریوں کے لئے ماہانہ شیڈول جاری کرے۔وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ دربارمؤو کے سلسلے میں جموں منتقل ہونے والے کشمیر میں مقیم ملازمین کو سپیشل کیجول لیو دی جائے۔ بتایا گیا کہ اس سلسلے میں جلد ہی حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔اُنہو ںنے جموں و کشمیر کی ایک منفرد اِنتظامی روایت کے طور پر دربار مؤو کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے باریک بینی سے منصوبہ بندی، محکموں کے درمیان مؤثر تال میل اور ملازمین کی حفاظت اور سہولیت کے لئے مناسب اِنتظامات پر زور دیا۔اُنہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ دربار مؤو کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہو اورجموں میں حکومت کا دفتری کام بغیر کسی رُکاوٹ کے شروع ہو سکے۔










