سری نگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سول سیکرٹریٹ میں متعدد وفود اور اَفراد سے ملاقات کی اور فلموں کے فروغ، صنعتی بنیادی ڈھانچے، علاقائی ترقی، تعلیم اور نوجوانوں کو بااِختیار بنانے سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ممبئی کی ’اینٹی کلاک فلمز‘سے وابستہ فلم ساز اونیر نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں فلمی شعبے کے فروغ اور ترقی سے متعلق معاملات پر بات چیت کی۔جنرل منیجرآئی آر سی او این لوکیش کمار گپتا کی قیادت میں ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں صنعتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں آئی ’آر سی او این اِنٹرنیشنل لمیٹڈ ‘کا کردار بڑھانے کے اِمکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔مصنفہ، سماجی کارکن اور مہناز اے جی نادیاڈوالا فاؤنڈیشن (ایم اے جی این فاؤنڈیشن) کی بانی و ٹرسٹی مہناز اے جی نادیاڈوالا نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اورخطے کی ترقی، خوشحالی اور بہبود کے لئے کئے جانے والے اَقدامات پر بات چیت کی۔منیجر آپریشنز اَن اکیڈمی کشمیر مدثر مشتاق رینہ کی قیادت میں ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کو ’’وزڈم ایپٹی ٹیوڈ ٹیلنٹ ہنٹ(ڈبلیو اے ٹی ایچ)‘کے بارے میں آگاہ کیا ۔ یہ ایک تعلیمی اَقدام ہے جس کا مقصد پورے جموں و کشمیر میں باصلاحیت نوجوانوں کی شناخت کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں بااِختیار بنانا ہے۔ سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیراور لداخ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل انوپندر بیولی( وی ایس ایم )نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور این سی سی ڈائریکٹوریٹ جموں و کشمیراورلداخ کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ تعاون پر شکریہ اَدا کیا۔










