کمشنر سیکرٹری تعلیم نے جی ڈِی سی ہیرانگر میں تعلیمی اَقدامات اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا

کمشنر سیکرٹری تعلیم نے جی ڈِی سی ہیرانگر میں تعلیمی اَقدامات اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا

اِدارہ جاتی اِختراعات او رہنرمندی کی ترقی کے اَقدامات کو سراہا

کٹھوعہ//کمشنر سیکرٹری تعلیم رام نواس شرما نے گورنمنٹ گردھاری لال ڈوگرہ میموریل ڈِگری کالج ہیرانگر کا دورہ کیا اور اِدارے کی مجموعی کارکردگی، بنیادی ڈھانچے، تعلیمی سہولیات اور کامیابیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران کالج کی پرنسپل ڈاکٹر پراگیا کھنہ نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ادارے کی ترقی، تعلیمی اقدامات، بنیادی ڈھانچے، طلبأکی کامیابیوں اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔کالج نے اَپنا ادارہ جاتی مجموعہ بعنوان ’’نو پریورتن: اے کرونیکل آف ٹرانسفارمیشن‘‘ بھی پیش کیاجس میں اس کی ترقی، جدت اور ارتقائی سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔اِس کے علاوہ آئندہ منعقد ہونے والی قومی کانفرنس کا بروشر بھی پیش کیا گیاجو تحقیق، تعلیمی مباحثے اور فکری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ادارے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔کمشنر سیکرٹری نے کالج کے مختلف اقدامات کو سراہاجن میں انسٹی چیوشن انوویشن کونسل (آئی آئی سی)، اْنّت بھارت ابھیان، ہنرمندی کی ترقی کے پروگرام اور تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے اور طلبأ کے لئے مواقع وسیع کرنے کی خاطر ملک بھر کے مختلف اِداروں و تنظیموں کے ساتھ کئے گئے مفاہمت نامے شامل ہیں۔اُنہوں نے کھیلوں کے میدان میں کالج کی کامیابیوں، ہیکاتھون میں طلبأ کی شرکت اور اِختراع، تخلیقی صلاحیتوں، انٹرپرینیورشپ اور عملی تجربے پر مبنی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے جاری کوششوں کا بھی جائزہ لیا۔رام نواس شرما نے طلبأ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں واضح اہداف مقرر کرنے، لگن اور محنت کے ساتھ اپنے عزائم کی تکمیل کرنے اور کامیابی کے حصو ل کے لئے انتھک محنت کرنے کی ترغیب دِی ۔ اُنہوں نے طلبأ کو سرکاری شعبے میں ملازمتوں اور کاروباری سرگرمیوں سمیت مختلف شعبوں میں دستیاب کیریئر کے مواقع تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ اِس موقعہ پر اُنہوں نے عزم، استقامت اور خود اعتمادی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔کمشنر سیکرٹری نے کالج کے اچھے طریقے سے برقرار رکھے گئے کیمپس اور تعلیمی مقاصد کے لئے دستیاب جگہ اور وسائل کے مؤثر استعمال کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے اِدارے کی موجودہ وسائل کے بہترین طریقے سے اِستعمال اور تدریس، تعلیم اور طلبأ کی مجموعی ترقی کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔اِس موقعہ پرایس ڈِی ایم ہیرانگر پھلیل سنگھ، چیف ایجوکیشن آفیسر کٹھوعہ کیول کرشنا اور تحصیل دار ہیرانگر انوپ کمار بھی موجود تھے۔