ستیش شرما نے چھمب میں پانچ ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ، دیہی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا

ستیش شرما نے چھمب میں پانچ ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی ، دیہی ترقی کے عزم کا اعادہ کیا

جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدو امور صارفین ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور سائنس و ٹیکنالوجی مسٹر ستیش شرما نے آج چھمب علاقے میں ایک وسیع ترقیاتی پروگرام کے تحت پانچ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بنیاد رکھی ۔ ان منصوبوں کا مقصد دیہی رابطوں کو مضبوط بنانا ، ویٹر نری صحت کی سہولیات بہتر کرنا اور مقامی کمیونٹیز کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنا ہے ۔ ان منصوبوں میں نیو مٹو کو اولڈ مٹو سے جوڑنے والی سڑک کی تعمیر ، پنجتوت سے تھنگر پٹیاں تک سڑک ، کچاریال میں کلورٹ ، پنچائت ساموان میں ملان دی کھوئی پر ویٹر نری ہسپتال اور بندوالا کو اپر پلانوالا سے جوڑنے والی لنک روڈ شامل ہیں ۔ ان اقدامات کا مقصد سڑکوں کے رابطے بہتر بنانا ، ضروری خدمات تک رسائی آسان کرنا ، زراعت اور متعلقہ سرگرمیوں کی مدد کرنا اور علاقے کے لوگوں کے مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی ترقی ایک کلیدی ترجیح بنی ہوئی ہے جس میں خاص طور پر ان منصوبوں پر زور دیا جا رہا ہے جو براہ راست لوگوں کے روز مرہ مسائل کو حل کرتے ہیں اور دیہی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط بناتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اچھی طرح سے منسلک دیہات ، قابلِ رسائی صحت کی سہولیات اور قابلِ اعتماد عوامی انفراسٹرکچر متوازن علاقائی ترقی اور دیہی برادریوں کی اقتصادی بہبود کیلئے ضروری ہیں ۔ وزیر موصوف نے تمام ترقیاتی کاموں کے بروقت نفاذ ، معیاری تعمیر اور موثر نگرانی کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں سے کہا کہ وہ مقررہ تکنیکی معیارات کی پابندی کو یقینی بنائیں اور مقررہ مدت میں کام مکمل کریں تا کہ مطلوبہ فوائد عوام تک بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے پہنچ سکیں ۔ مسٹر ستیش شرما نے مزید کہا کہ چھمب اور ملحقہ علاقوں کی ترقیاتی ترجیحات کو پورا کرنے کیلئے مسلسل کوششیں جاری رہیں گی تا کہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبے رہائشیوں کیلئے ٹھوس فوائد میں تبدیل ہوں اور علاقے کی طویل مدتی ترقی میں حصہ ڈالیں ۔