لفٹینٹ گورنر نے جموں میں ماتا للیشوری ثقافتی کم ہیریٹیج سینٹر کی بنیاد رکھی

لفٹینٹ گورنر نے جموں میں ماتا للیشوری ثقافتی کم ہیریٹیج سینٹر کی بنیاد رکھی

یہ سینٹر جموں و کشمیر کی روحانی میراث کا ایک زندہ ذخیرہ ثابت ہو گا جو تحقیق ، روحانیت ، فن اور سماجی اتحاد کو فروغ دے گا ۔ سنہا

جموں //لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے ماتا بھدر کالی استھان تھلوال جموں میں ماتا للیشوری کلچرل کم ہیریٹیج سینٹر کی بنیاد رکھی ۔ یہ منصوبہ کیپیکس بجٹ کے تحت 4.5کروڑ روپے کی مختص رقم کے ساتھ منظور کیا گیا ہے اور اسے یوگنی للیشوری کی لازوال میراث کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کیلئے ایک سنگِ میل اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے زور دیا کہ جموں و کشمیر قدیم زمانے سے رشیوں ، سنتوں اور حق کے متلاشیوں کا گہوارہ رہا ہے ۔ ماتا للیشوری کو وقف یہ مرکز بھارت کی تہذیبی شعور کا مجسمہ ہو گا اور ثقافتی ہم آہنگی ، روحانی سیاحت اور علمی تحقیق کا مینار بنے گا ۔ انہوں نے کہا’’ یہ منصوبہ ہمیں ہماری لازوال تہذیبی شعور کی یاد دلاتا ہے ۔ آج ہم اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑے ہیں ، جہاں ہمارے آباؤاجداد کی برکتیں اور ان کی لازوال حکمت ایک پراعتماد ، ترقی یافتہ اور خود مختار جموں و کشمیر کی امنگوں کے ساتھ مل رہی ہیں ۔ ‘‘لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ماتا للیشوری کی تعلیمات سماجی تقسیم سے بالاتر تھیں اور رواداری ، مساوات اور باطنی تبدیلی کے نظریات کی حامل تھیں ۔ ان کی شاعری ، جو اپنشدوں کی بلند ترین سچائیوں سے ہم آہنگ ہے ، نسل در نسل لوگوں کو متاثر کرتی رہتی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ یہ مرکز ان کے فلسفے کا ایک زندہ ذخیرہ ہو گا جو علماء ، فنکاروں اور متلاشیوں کو ان کی حکمت سے وابستہ ہونے اور اسے جدید پلیٹ فارمز کے ذریعے عالمی سطح پر پھیلانے کے قابل بنائے گا ۔ ‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ مرکز صرف ایک فزیکلی ڈھانچہ نہیں ہو گا بلکہ ثقافتی تحفظ کیلئے ایک ادارہ جاتی بنیاد ہو گا ۔ یہ نمائشوں ، ترجمہ کی مہمات اور آرکائیول سہولیات کی میز بانی کرے گا اور ساتھ ہی کشمیر شیوازم میں فیلو شپس کو بھی فروغ دے گا ۔
لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ مرکز فن اور تخلیقی اظہار کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنائے گا ، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے گا اور قومی یکجہتی کو مضبوط کرے گا ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ ثقافتی اور ورثہ کے مراکز ایک قومی ضرورت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے علاوہ ایک قوم کو تہذیبی یادداشت اور اخلاقی سمت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ماتا للیشوری مرکز معاشرے کو اس کی جڑوں سے دوبارہ جوڑے گا ، ذہنی سکون کیلئے روحانی وسائل فراہم کرے گا اور متلاشیوں ، مورخین اور سیاحوں کو راغب کر کے بنیادی سطح پر معاشی سرگرمی میں حصہ ڈالے گا ۔ یہ اقدام معزز وزیر اعظم شری نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ہے جنہوں نے مسلسل ورثہ کو ترقی کے ساتھ ضم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ یہ مرکز بھارت کی ثقافتی روح کا ایک یاد گار اور قومی طاقت کا ایک ذریعہ ہو گا ۔ ‘‘ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں پرنسپل سیکرٹری کلچر ، ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی جموں ڈی آئی جی جے ایس کے رینج ، ڈپٹی کمشنر جموں ، ڈائریکٹر آرکائیوز آرکیالوجی اینڈ میوزیمز ، ریلف اینڈ ری ہیبلی ٹیشن کمشنر ، صدر ماتا بھدرکالی استھاپن ٹرسٹ ، جنرل سیکرٹری ماتا بھدرکالی استھاپن ٹرسٹ ، آرگنائیزنگ سیکرٹری اور ٹرسٹ کے دیگر ارکان ، سینئر افسران ، ممتاز شہری اور بڑی تعداد میں عقیدت مند شریک ہوئے ۔