جاوید رانا نے قصاب مینڈھر میں 3.35 کروڑ روپے کی مالیت کے ہیلی پیڈ او رویٹنگ لائونج کا سنگ بنیاد رکھا

جاوید رانا نے قصاب مینڈھر میں 3.35 کروڑ روپے کی مالیت کے ہیلی پیڈ او رویٹنگ لائونج کا سنگ بنیاد رکھا

مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورمحکمہ جات جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ کے مینڈھر میں قصاب کے مقام پر ہیلی پیڈ اور ویٹنگ لاؤنج کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔یہ منصوبہ جو عمر عبد اللہ کی قیادت والی حکومت نے منظور کیا اور یو ٹی کیپکس کے تحت شروع کیا گیا تقریباً 335.40 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اِس کا مقصد دُور دراز سرحدی علاقے میں رابطے اورایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بناناہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف نے خطاب کرتے ہوئے اِس منصوبے کو مینڈھر کے لوگوںکا دیرینہ مطالبہ قرار دیا اور جغرافیائی لحاظ سے دُور دراز اور سٹریٹجک طور پر اہم علاقے میں اس کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ یہ اَقدام حکومت کے پسماندہ، سرحدی اور دُور دراز دیہی علاقوں کی ترقی پر توجہ کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیر جل شکتی جاوید رانا نے کہا کہ مجوزہ سہولیت ایک اہم متبادل رابطے کا طریقہ فراہم کرے گی اور طبی ایمرجنسی ،آفات ِ سماوی اور دیگرحالات میں فائدہ مند ثابت ہوگی جن میں لوگوں اور ضروری خدمات کی فوری آواجاہی کی ضرورت ہوتی ہے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ بہتر رابطہ کاری نہ صرف صحت سہولیات اور ایمرجنسی خدمات تک رَسائی آسان بنانے کے لئے ضروری ہے بلکہ خطے میں معاشی سرگرمیوں، سیاحت اور مجموعی سماجی و اِقتصادی ترقی کوفروغ دینے کے لئے بھی اہم ہیں۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں مسلسل سرمایہ کاری ترقیاتی خلا کو پوراکرنے اور ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے بہتر مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔اُنہوں نے علاقے میں سیاحتی وسیع امکانات کو اُجاگر کرتے ہوئے بھیرا قصاب میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ ’’ ٹرائبل ٹورازم وِلیج‘‘کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔وزیر جاوید رانا نے کہا کہ ہیلی پیڈ کے مقام کے قریب تعمیر کیا جانے والا یہ مجوزہ سیاحتی گاؤں خطے کے بھرپور قبائلی ورثے، ثقافت، روایات، دستکاری، ضیافتوں اور طرزِ زِندگی کواُجاگر کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔اِس منصوبے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی آبادی کے لئے روزگار کے دیر پا مواقع پیدا کرنا بھی ہے ۔ اِس سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب میں ہزاروں مقامی باشندوں کے علاوہ ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ تعمیرات ِعامہ (روڈز اینڈ بلڈنگز) کے سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔