جاوید ڈار نے فروٹ منڈی ایسوسی ایشنز کو مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کی

جاوید ڈار نے فروٹ منڈی ایسوسی ایشنز کو مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی یقین دہانی کی

منڈی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے ، کاشت کاروں ، تاجروں اور مزدوروں کیلئے سہولیات بہتر بنانے پر زور

سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادباہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج سول سیکرٹریٹ میں کشمیر ڈویژن کی فروٹ منڈی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں فروٹ منڈیوں کے کام کاج اور باغبانی مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے متعلق مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر ہار ٹی کلچر مارکیٹنگ اینڈ پلاننگ غلام جیلانی زرگر، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ایچ پی ایم سی محمد فاروق ڈار، ڈائریکٹر ہار ٹی کلچر کشمیر وِکاس آنند، کشمیر ڈویژن کی فروٹ منڈی ایسوسی ایشنز کے صدور سمیت دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔دوران ملاقات نمائندوں نے وزیر موصوف کو فروٹ منڈیوں کے کام کاج سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا اور باغبانی شعبے سے وابستہ تاجروں، کاشت کاروں اور مزدوروں کے لئے بنیادی سہولیات کو مضبوط اور بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرنے نمائندوں کو یقین دہانی کی کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ منڈی ایسوسی ایشنز کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور ان کے مسائل کو مقررہ مدت کے اندر حل کرنے کے لئے ضروری اَقدامات کریں۔اُنہوںنے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور فروٹ منڈیوں میں ضروری سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ہموار تجارتی آپریشنز کو آسان بنایا جا سکے اور تمام شراکت داروں کے لئے بہتر کام کے حالات کو یقینی بنایا جا سکے۔جاوید ڈار نے جموں و کشمیر کی معیشت میں باغبانی شعبے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، تجارتی سہولیات کو بہتر بنانے اور کاشتکاروں و دیگر شراکت داروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اُنہوں نے فروٹ منڈی ایسوسی ایشنز کے ساتھ باقاعدہ رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر متعلقہ حکام کی نوٹس میں لایا جا سکے اور مؤثر طریقے سے حل کیا جاسکے ۔